دنیا بھرمیں سوشل میڈیا کو بہت اہمیت حاصل ہے، اداکارہ وماڈل ماتیرا

لاہور(شوبزرپورٹر/میڈیا92نیوز) اداکارہ وماڈل ماتیرا نے کہا کہ یہ دور سوشل میڈیا کا ہے۔ بظاہر تو اس وقت ہمارے ہاں سوشل میڈیا کا استعمال زیادہ ترمنفی ہے لیکن اس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے اگر مثبت انداز میں کام کیا جائے تو ہماری فلم ہی نہیں بلکہ پوری شوبز انڈسٹری کو بے حد فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ماتیرا نے کہا کہ دنیا بھرمیں سوشل میڈیا کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ خاص طور پر نوجوان نسل تو سوشل میڈیا کے ذریعے مختلف شعبوں میں ایسے حیرت انگیز کا رنامے انجام دے رہی ہے کہ اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ کوئی میوزک میں اپنا ہنر دکھارہا ہے تو کوئی سپورٹس میں ،کوئی سائنس کے تجربات کرتا نظر آتا ہے تو کوئی ایکٹنگ کے جلوے بکھیر رہا ہے بس یوں سمجھ لیجیے کہ سوشل میڈیا نے ایک نئی دنیا کو جنم دیدیا ہے جس کے ذریعے ہر کوئی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے میں لگا ہے لیکن مجھے یہ دیکھ کر حیرانی ہوتی ہے کہ ہمارے ہاں ابھی تک سوشل میڈیا سے استفادہ نہیں کیا جارہا۔ اچھی اور معیاری فلمیں تو پروڈیوس ہورہی ہیں لیکن ان کی پروموشن کےلئے سوشل میڈیا کو غیر ضروری سمجھاجارہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے ملک کے اکثر فنکار اور تکنیک کار یہ بات کرتے ہیں کہ ہماری منزل انٹرنیشنل مارکیٹ ہے لیکن کوئی بھی اس مارکیٹ تک جانے کےلئے کوشش نہیں کرتا۔ مجھے لگتا ہے کہ اس وقت سب سے زیادہ مضبوط سوشل میڈیا ہے۔ انٹرنیٹ کی اس جدت نے سب کچھ بہت آسان کردیا ہے۔ اب ہم وہ سب کچھ تو دیکھ سکتے ہیں جو ہمارا دل چاہتا ہے لیکن تشہیری مہم کے انداز کچھ ایسے ہیں کہ جو کچھ ہم نہیں بھی دیکھنا چاہتے وہ بھی اس پر نظر آتا ہے۔ میرے نزدیک تو یہ ایک بہت اچھی چیز ہے اور اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں ماتیرا نے کہا کہ میں نے ہمیشہ بہت سوچ سمجھ کر فلم اور ٹی وی کے پروگرام سائن کئے ہیں۔ اس لئے مجھے کسی بھی طرح کی جلدی نہیں ہوتی۔ جو کام اچھا لگتا ہے وہ کرتی ہوں اورجو میری سمجھ سے باہر ہو اس کو انکار کردیتی ہوں۔

یہ بھی پڑھیں

باتیں بنانا چھوڑیں اور ووٹ ڈال کر اپنا حق استعمال کریں، بشریٰ انصاری

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل …