بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کو صاف گو اور بہادر اداکارہ کہا جاتا ہے، جس کا ثبوت انہوں نے اپنے آنے والی فلم ’سمرن‘ کے ڈائلاگ لکھنے سے متعلق اٹھنے والے تنازع کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے دیا۔
کنگنا رناوٹ کی فلم ’سمرن‘ کا یہ پہلا ٹریلر ہے، اس سے قبل مئی میں فلم کا ٹیزر جاری کیا گیا تھا
فلم کی ہدایات ہنسل مہتا نے دی ہیں، جب کہ اس کی کہانی امریکا میں بینک ڈکیتی میں سزا پانے والی بھارتی لڑکی کے واقعے کو دیکھ کر تیار کی گئی۔
خیال رہے کہ سمرن کے جاری ہونے والے ایک پوسٹر میں کنگنا رناوٹ کا نام بطور شریک ڈائلاگ لکھاری کے لکھا گیا تھا، جس کے بعد اپروا اسرانی نے سوشل میڈیا پر احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلم کے ڈائلاگ انہوں نے اکیلے سر لکھے ہیں۔
فلم کے پوسٹر جاری ہونے کے بعد ڈائلاگ رائیٹر کا تنازع کھڑا ہوگیا تھا، تاہم ٹریلر کو جاری کرنے کے موقع پر کنگنا رناوٹ نے اس تنازع کو ختم کردیا۔
ڈی این اے انڈیا کے مطابق ٹریلر جاری کیے جانے کے موقع پر کنگنا رناوٹ نے واضح کیا کہ فلم کے اضافی ڈائلاگ بھی اپروا اسرانی نے لکھے، اور اس حوالے سے ان کے ساتھ باقاعدہ معاہدہ کیا گیا، جس کے تمام بقایاجات لکھاری کو ادا کردیے گئے ہیں۔
کنگنا رناوٹ نے مزید کہا کہ ان کی فلم ’رنگون والا‘ کی ناکامی کے بعد اپروا اسرانی نے انہیں مشورہ دیا کہ ’سمرن‘ میں اضافی ڈائلاگ شامل کیے جائیں، جس پر وہ راضی ہوگئیں۔
کنگنا کے مطابق اپروا اسرانی ڈائلاگ لکھنے کے سلسلے میں کئی ماہ تک مسلسل ان کے گھر آتے رہے، اور اس دوران انہوں نے مل کر کام کیا۔
خیال رہے کہ فلم ’سمرن‘ کو آئندہ ماہ 15 ستمبر کو ریلیز کیا جائے گا، فلم کی کہانی ڈیپارٹمنٹل اسٹور پر کام کرنے والی ایک لڑکی کے ارد گرد گھومتی ہے، جسے جوا کھیلنے اور چوری کرنے کی بھی عادت ہوتی ہے۔
فلم کی کہانی بظاہر امریکا میں چوری کے جرم میں سزا پانی والی بھارتی لڑکی سندیپ کور کے واقعے کو دیکھ کر تیار کیا گیا، تاہم فلم کی ٹیم نے اس حوالے سے باقاعدہ کوئی اعلان نہیں کیا
