ممبئی: بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کا کہنا ہے کہ شاہ رخ اور سلمان خان بہت بڑے اسٹارز ہیں اور وہ ان دونوں کی اداکاری کے مداح ہیں البتہ وہ اپنے کام کا موازنہ دونوں خانز سے نہیں کرتے کیوں کہ ہر کوئی ایک دوسرے سے منفرد ہے۔
بالی ووڈ میں نئے اور مختلف کردار نبھانے میں عامر خان کا کوئی ثانی نہیں جب کہ ان کی ہر فلم کی کہانی مختلف اور کسی خاص معاشرتی موضوع پر ہوتی ہے جس میں وہ حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے کسی بھی حد تک چلے جاتے ہیں اور مسٹر پرفکیشنسٹ نے ’لگان‘، ’دنگل‘، ’پی کے‘، ’تھری ایڈیٹس‘، ’تارے زمین پر‘ جیسی فلموں میں نہ صرف معاشرے بلکہ بچوں، خواتین اور نوجوان نسل کے مسائل کو اجاگر کیا۔
عامر خان کی نئی فلم ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ بھی ان کی کامیاب ترین فلم ’دنگل‘ کی طرح خواتین کے گرد گھومتی ہے جس میں ’دنگل‘ میں ادکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ زائرہ وسیم بھی اہم کردار میں دکھائی دیں گی جب کہ فلم کی کہانی ایک ایسی لڑکی پر محیط ہے جو اپنے والد کی مخالفت کے باوجود بڑی گلوکارہ بننا چاہتی ہے۔
فلم ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کی پروموشن کے موقع پر عامر خان سے سوال کیا گیا کہ ان کی کبھی خواہش نہیں رہی کہ انہیں بھی مداحوں کی جانب سے سلمان اور شاہ رخ خان جیسی پذیرائی ملے جس پر بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان اور سلمان خان بہت بڑے اسٹارز ہیں اور وہ خود بھی ان کی اداکاری کے مداح ہیں البتہ وہ اپنے کام کا موازنہ دونوں خانز سے نہیں کرتے کیوں کہ ہر کوئی ایک دوسرے سے منفرد ہے جب کہ ان کا مداحوں سے ایک خاص رشتہ ہے جو کئی سالوں میں بنا ہے اور آج وہ جس جگہ ہیں اس پربہت خوش ہیں۔
اس خبر کو بھی پڑھیں؛ عامر خان کی نئی فلم ’’سیکرٹ سپر اسٹار‘‘ کا پہلا ٹریلر جاری
سلمان خان کی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ کی ناکامی پر عامر خان نے کہا کہ ہم سب اچھی کوشش کرتے ہیں البتہ تخلیقی کام غیر متوقع ہوتا ہے جس میں ہم کامیاب ہو جاتے ہیں مگر کبھی کبھار ناکامی کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے، میں نہیں سمجھتا ایک یا دو فلموں کی ناکامی سے کسی کی شہرت میں کمی آتی ہے۔
واضح رہے ’’سیکریٹ پر اسٹار‘‘ رواں سال دیوالی کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی جب کہ گزشتہ دنوں فلم کا ٹریلر جاری کر دیا گیا تھا۔
