نیویارک(میڈیاپاکستان) پیغام رسانی کی مقبول ترین ایپلی کیشن ’’واٹس ایپ‘‘ نے اپنے صارفین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی مفید فیچر متعارف کرادیا ہے۔واٹس ایپ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمپنی نے اپنے صارفین کے لیے ’’لائیو لوکیشن شیئرنگ‘‘ یعنی آپ جس مقام پر موجود ہیں اس کی براہ راست معلومات اپنے کسی دوست یا گروپ کے ساتھ شیئر کرنے کا فیچر لانچ کردیا ہے۔ اس فیچر کی مدد سے آپ اپنی رابطوں کی فہرست میں شامل کسی دوست یا گروپ کے ساتھ اپنی موجودگی کے مقام کی معلومات کا تبادلہ کرسکتے ہیں۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے سب سے پہلے اس شخص کے ساتھ چیٹ ونڈو کو کھولیں جسے آپ اپنی لوکیشن شیئر کرنا چاہتے ہیں۔ پھر اٹیچمنٹ پر کلک کرکے اس میں ظاہر ہونے والے لوکیشن کے آپشن کو منتخب کریں جس کے بعد شیئر لائیو لوکیشن کا آپشن منتخب کریں۔ اس طرح آپ کی موجودہ لوکیشن کی معلومات گوگل نقشے کی صورت میں وصول کنندہ تک پہنچ جائے گی۔ اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ نے واٹس ایپ کو اپنی لوکیشن تک رسائی حاصل کرنے کی اجازت دے رکھی ہو۔
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ کمپنی کی جانب سے یہ فیچر متعارف کرانے کا مقصد صارفین کو فوری طور پر اپنی لوکیشن دوستوں اور گھر والوں کے ساتھ شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے، اس طرح وہ گھر والوں کو یہ بتاسکتے ہیں کہ وہ خیریت سے ہیں اور محفوظ مقام پر ہیں۔
