لندن(میڈیا نائن ٹو ڈاٹ ٹی وی) ہمنگ برڈ امریکہ اور دیگر ممالک میں عام پایا جانے والا ایک ننھا منا اور خوبصورت پرندہ ہے جو قدرت کا ایک شاہکار ہے ۔ یہ اپنے پر اور بازو اس تیزی سے ہلاتا ہے کہ اس کی آواز سنی جاسکتی ہے اور یہ بہت دیر تک ہوا میں معلق رہتا ہے ۔ ماہرین کے مطابق اس کی وجہ اس ننھے پرندے کا طاقتور دل ہے۔
ہمنگ برڈ کی 80 سے زائد اقسام ہیں جن کی لمبائی تین سے پانچ انچ تک ہوتی ہے اور دنیا کا سب سے چھوٹا ہمنگ برڈ صرف 5 سینٹی میٹر تک ہوتا ہے جس کا وزن چند گرام ہی ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کی رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک نوٹ کی گئی ہے۔
ماہرین نے 915 پرندوں کا جائزہ لیا اور ان کی جسامت اور دل کی حجم کو نوٹ کیا۔ ان میں سے جن پرندوں کا دل ان کے جسم کے تناسب سے چھوٹا تھا وہ تھوڑی دور کی پرواز کرتے ہیں جبکہ زیادہ تیزی سے پر ہلانے اور طویل پروازکرنے والے پرندوں کے دل قدرے بڑے دیکھے گئے۔
سائنسدانوں نے انکشاف کیا ہے کہ جسمانی تناسب سے اس پرندے کا دل بقیہ پرندوں کے مقابلے میں تین فیصد زائد ہوتا ہے۔ اس کے مقابلے میں پیلی کن کا دل اس کے وزن کا صرف 0.8 فیصد ہوتا ہے۔ اس طرح ہمنگ برڈ کا دل تمام پرندوں میں ان کے جسمانی لحاظ سے سب سے بڑا ہوتا ہے۔