لاہور(میڈیا92نیوز )
ہربنس پورہ کے علاقہ رانی پنڈ میں واقع عزیز پارک میں دن رات کی بنیاد پر تعمیرات کا سلسلہ جاری، وفاقی حکومت کی سرکاری اراضی پر30سے زائد دوکانیں تعمیر کرلی گئیں، جبکہ نوید چوہدری نامی شخص نے 70کنال سے زائد سرکاری اراضی پر ہاوسنگ سکیم بناڈالی۔ محکمہ ریونیو کی انتظامیہ نے مسلسل چپ کا روزہ رکھ لیا۔میڈیا92نیوز کی جانب سے کیے جانے والے سروے کے دوران معلوم ہوا ہے کہ ہربنس پورہ کے علاقہ رانی پنڈ میں واقع عزیز پارک میں نوید چوہدری نامی شخص نے وفاقی حکومت کی 100کنال سے زائد سرکاری اراضی اپنے قبضے میں لے لی ہیں۔ اور دن رات کی بنیادوں پر پختہ تعمیرات کا سلسلہ بھی شروع کررکھا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ مذکورہ لینڈ مافیا نے وفاقی حکومت کی سرکاری اراضی پر 35سے زائد دوکانیں تعمیر کرتے ہوئے مارکیٹ تعمیر کرلی ہے اور متعلقہ تھانے سمیت اسسٹنٹ کمشنر شالیمار آفس میں بھی باقاعدگی سے حصہ کی ادائیگی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے ریونیو سٹاف موقع پر غیر قانونی تعمیرات کو روکنا تو دور رپورٹ کرنے سے بھی گھبرارہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عزیز پارک میں سرکاری اراضی پر قبضے کی وجہ محکمہ ریونیو کے متعلقہ انتظامی افسران کی معاونت اور آشیر باد بتائی جارہی ہے تاہم ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طاہر فاروق کا کہنا ہے کہ میڈیا92نیوز کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے ایکشن لیا جائے گا۔ ثبوت ملنے پر بھرپورکارروائی عمل میں لائی جائیگی۔