ضلعی انتظامیہ اور اینٹی کرپشن کے با اثر قبضہ مافیا پر وار جاری

لاہور(سپیشل رپورٹر) ضلعی انتظامیہ اور اینٹی کرپشن کے بااثر قبضہ مافیا پر پے در پے وار جاری ہیں۔ ن لیگی رہنما اور ایم پی اے میاں نصیر احمد اور سیف الملوک کھوکھر پر پرچہ درج کر لیا گیا۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے میاں نصیر، سیف الملوک کھوکھر، محکمہ مال اور بلڈنگ ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں کے خلاف ریفرنس اینٹی کرپشن بھجوائے تھے۔تفصیلات کے مطابق ملزمان نے جعل سازی سے سرکاری خزانے کو ٹی ایم اے ، کنورژن اور کمرشل فیس کی مد میں لاکھوں روپے نقصان پہنچایا۔ سیف الملوک کھوکھر نے سیل ڈیڈ کی بجائے جعل سازی سے سرنڈر ڈیڈ کے زریعے 226 کنال سے زائد رقبہ رجسٹر کروایا۔ دفتر سب رجسٹرار علامہ اقبال ٹاؤن کے اہلکار نصیر احمد کی ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو رجسٹریشن فیس کی مد میں بائیس لاکھ سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔ سابق ایم پی اے میاں نصیر، بیٹا واثق اور بیگم فرزانہ نصیر نے مختلف فیسوں کی مد میں سرکاری خزانے کو پندرہ لاکھ سے زائد کا نقصان پہنچایا۔ ملزمان نے 23 کنال سے زائد رہائشی اراضی خرید کر زرعی اراضی رجسٹر کروائی۔ رہائشی اراضی کو کمرشل میں تبدیل کرائے بغیر کمرشل کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ میاں نصیر ، بیٹا اور بیگم نے جعل سازی سے ٹی ایم اے، ودہولڈنگ اور کنورژن فیس کی مد میں سرکاری خزانے کو پندرہ لاکھ سے زائد کا نقصان پہنچایا۔اینٹی کرپشن نے کماہاں سرکل کے بلڈنگ انسپکٹر عارف خان ، محکمہ مال اور ٹی ایم اے کے متعلقہ افسران و اہلکاروں کے خلاف بھی پرچہ درج کر لیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔اس حوالے سے اینٹی کرپشن حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان سے سرکاری خزانے کی ایک ایک پائی وصول کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں

عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب کو وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار …