ملکی تاریخ میں پہلی بار سابقہ فاٹا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری

فاٹا (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) خیبرپختونخوا میں ضم شدہ قبائلی علاقوں کی تاریخ میں پہلی بار آج صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے ۔

انتہائی حساس 554 پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات ہوگی،صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع میں نیٹ ورک کا مسئلہ ہے، نتائج واٹس ایپ پر فراہم کیے جائیں گے۔

عام نشستوں پر 282 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ خواتین کی 22، اقلیتوں کی 6 مخصوص نشستیں ہیں۔ پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہوگی۔

16 حلقوں میں انتخابات کیلئے 1897 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 554 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔

ایک ہزار 39 مخلوط پولنگ اسٹیشن ہیں جبکہ صرف مردوں کیلئے 482 اور خواتین کیلئے مختص 376 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنز کے باہر فوج تعینات کی گئی ہے جبکہ انتہائی حساس 554 پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات ہوگی ۔

تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ الیکشن کیلئے 28 لاکھ 91 ہزار بیلٹ پیپرز پرنٹ کرائے گئے ہیں۔

شکایات اور نتائج موصول کرنے کیلئے الیکشن کمیشن میں سیل قائم کر دیا گیا ہے، جو 20 اور 21 جولائی کو 24 گھنٹے کام کرے گا۔

الیکشن سے متعلق شکایات 0519210809 اور 0519210810 پر موصول کی جائیں گی۔

ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج کا اعلان پرانے سسٹم کے ذریعے کیا جائے گا۔ پریزائیڈنگ افسر فارم 45 پولنگ ایجنٹس کے حوالے کرے گا اور ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچائے گا، جہاں سے نتائج الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کر دیے جائیں گے۔

ضلع باجوڑ میں صوبائی اسمبلی کی تین، ضلع مہمند میں 2، ضلع خیبر میں تین، ضلع کرم میں 2 اور ضلع اورکزئی میں ایک صوبائی نشست کیلئے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

ضلع شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی دو دو نشستوں کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے ۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ سابق فرنٹیر ریجن میں ایک صوبائی نشست رکھی گئی ہے۔ پی کے 115 کے علاقوں میں جانی خیل، بٹہ خیل، جنگل خیل، تحصیل لالچی، تحصیل گمبٹ اور تحصیل درہ آدم خیل شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب کو وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار …