ایرا فنڈز میں خوردبرد: ‘شہباز شریف خاندان کے خلاف ثبوت پیش !

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے ارتھ کوئک ریلیف اینڈ ری کنسٹرکشن اتھارٹی (ایرا) کے اکاؤنٹس سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد علی عمران کو کروڑوں روپے منتقلی کے دستاویزی ثبوت پیش کردیے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کے خاندان کی دولت یکجا ہے، شہباز شریف کے خاندان کے نام پر 26 ملین ڈالرز کی رقم باہر سے آئی۔

شریف خاندان نے زلزلہ متاثرین کیلئے برطانوی امداد میں چوری کی: ڈیلی میل کا دعویٰ

انہوں نے کہا کہ شہباز خاندان کے نام 2007 اور 2008 میں بیرون ملک سے زیادہ رقم آئی جو کہ 200 سے زائد افراد کے نام سے شہباز خاندان کو رقم بھجوائی گئی۔

ان کا کہنا ہے کہ جن افراد کے نام سے شہباز خاندان کے نام ملین ڈالرز آئے، وہ اتنے غریب ہیں کہ ان کے پاس کراچی سے لاہور جانے کا کرایا بھی نہیں ہے۔

معاون خصوصی برائے احتساب نے ایرا کے فنڈز سے شہباز کے داماد علی عمران کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے منتقلی کے دستاویزی ثبوت پیش کیے۔

انہوں نے علی عمران کے 2011 اور 2013 کے پیمنٹ آرڈرز اور ڈیمانڈ ڈرافٹ پیش کیے جن میں کئی ملین کی رقم منتقلی دکھائی گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے داماد علی عمران کا ایسا پلازہ جو تعمیر بھی نہیں ہوا تھا، اس کو کرائے کی مد میں پیسے دیے گئے اور یہ پیسے منصوبوں میں سے نکالے جاتے ہیں۔

شہزاد اکبر کے مطابق حمزہ شہباز کے 95 فیصد، سلیمان کے 99 فیصد اثاثے اسی رقم سے بنے جب کہ اہلیہ کے 80 فیصد اثاثے جعلی ٹی ٹیز سے بنے۔

برطانوی میگزین ڈیلی میل میں گزشتہ روز چھپنے والی خبر سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ "یہ خالہ جی کا گھر نہیں کہ کسی سے بھی اسٹوری کروائی جائے، مجھے اسٹوری کرانی ہوتی تو یہ دستاویزات بھی برطانوی اخبار شائع کرتا۔”

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نے شہباز شریف کو چیلنج کیا کہ شہبازشریف انہیں برطانوی عدالت میں بلوائیں، وہ وہاں بھی دستاویزی ثبوت پیش کریں گے۔

انہوں نے صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "اپنے وعدے اور دعوے سے مت مکریے گا، مقدمہ ضرور داخل کیجئے گا، آپ نے زرداری کو گھسیٹنے کا دعویٰ کیا تھا لیکن مکر گئے تھے لہٰذا اس طرح اب نہ مکر جائیےگا۔”

ان کا کہنا تھا کہ لوٹا ہوا مال شہباز فیملی سے برآمد کریں گے۔

یاد رہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خاندان نے زلزلہ متاثرین کو ملنے والی برطانوی امداد میں چوری کی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو دی گئی امداد میں شہباز دور میں برطانوی امدادی ادارے نے لگ بھگ 50 کروڑ پاؤنڈ پنجاب کو دیئے۔

تاہم برطانوی امدادی ادارے ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ نے اس رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈیلی میل نے اپنی اسٹوری کو سچ ثابت کرنے کے لیے کم ثبوت پیش کیے۔

ڈی ایف آئی ڈی کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 2005 کے زلزلے کے بعد برطانیہ کی جانب سے حکومت پنجاب کے ارتھ کوئک ریلیف اینڈ ری کنسٹرکشن اتھارٹی (ایرا) کو اسکولوں کی تعمیر کے لیے امداد دی گئی جو تعمیر ہوئے اور ان کا آڈٹ بھی کیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے برطانوی اخبار کی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیا ہے، پارٹی صدر شہباز شریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل، وزیراعظم عمران خان اور ان کے معاون خصوصی برائے احتساب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا ہے۔

x

یہ بھی پڑھیں

عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب کو وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار …