افغان صوبے بامیان میں ایک ساتھ دو دھماکے، 17 افراد ہلاک

(میڈیا92نیوز) افغانستان کے صوبے بامیان میں ہونے والے دھماکوں میں 17 افراد ہلاک جب کہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بامیان کے مرکزی بازار کی جانب جانے والی سڑ کی اطراف میں نصب بم پھٹنے سے دو دھماکے ہوئے۔

صوبائی پولیس چیف کے مطابق دھماکے سے ہلاک ہونے والوں میں 2 ٹریفک پولیس اہل کار بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کی تعداد 50 سے زائد بتائی جاتی ہے جن میں سے اکثر قریبی ریستوران اور دکانوں پر موجود تھے۔ ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق کسی تنظیم نے دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔
بامیان کو اپنے جغرافیائی محل وقوع سے افغانستان کے محفوظ ترین صوبہ تصور کیا جاتا ہے۔ یہاں ہزارہ قبیلے کی اکثریت ہے جو طالبان دور میں ان کے خلاف رہے ۔

یادرہے کہ یہ دھماکا اس روز ہوا ہے جب سوئٹزر لینڈ میں متعدد ممالک افغانستان کی تعمیر نو کے لیے اربوں ڈالر کے فنڈز جمع کرنے لیے ایک کانفرنس منعقد کررہے ہیں۔ اس کانفرنس میں طالبان اور افغان حکومت کے مابین امن مذاکرات کی کام یابی کے لیے نیک خواہشات اور امیدوں کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق رواں سال کے نو ماہ کے دوران اب تک تقریبا 6 ہزار افراد حکومتی فورسز اور طالبان کے مابین جھڑپوں کے باعث ہلاک یا زخمی ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب کو وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار …