ڈیل دینے والوں کو ڈیل لینے کی ضرورت پڑ گئی، متعدد بار رابط کیا ہم نہیں مانے: مریم نواز

اسلام آباد (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے انکشاف کیا ہے کہ ہم سے بات چیت کے لیے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن نواز شریف اور میں تیار نہیں ہوئے۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں اور میاں صاحب بات چیت کے لوازمات پورے نہیں کر سکتے۔

صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ وہ کون سے لوازمات ہیں جو آپ لوگ پورے نہیں کر سکتے جس پر مریم نواز نے کہا کہ بات چیت کے لیے اصولوں کی قربانی دینی پڑتی ہے جس کے لیے ہم تیار نہیں ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ڈیل دینے کی باتیں کرنے والے کو خود ڈیل کی ضرورت پڑ گئی ہے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ میں تو موجودہ حکومت کو 5 سال دینے کے لیے تیار ہوں لیکن عوام انہیں مدت مکمل نہیں کرنے دیں گے کیونکہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

نائب صدر مسلم لیگ نے کہا کہ آج راولپنڈی سے ہمارے 150 کارکنان کو حراست میں لیا گیا ہے، مسلم لیگ ن کے جتنے قائدین کو گرفتار کرنا ہے کر لیں لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ اب کسی کی جرات نہیں کہ آمریت کی طرف دیکھے، آمر ناکام ہو چکا، آج وہ بیمار ہیں، اللہ انہیں صحت دے۔

x

یہ بھی پڑھیں

عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب کو وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار …