آج بھی بھارت کو عالمی عدالت انصاف میں سرپرائز کا سامنا کرنا پڑا، ڈی جی آئی ایس پی آر

لاہور (اپنے رپورٹر سے ) پاک فوج کے ترجمان (ڈی جی آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ اللہ نے پاکستان اور عدلیہ کو عالمی عدالت انصاف میں سرخرو کیا اورآج بھی بھارت کو عالمی عدالت انصاف میں سرپرائز کا سامنا کرنا پڑا۔

عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کے فیصلے کے ردعمل میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت کی اپیل تھی کہ فوجی عدالت کی جانب سے کلبھوشن کو دی گئی سزائے موت ختم کی جائے جو مسترد کردی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کی اپیل تھی کہ کلبھوشن کو رہا کیا جائے لیکن عالمی عدالت نے یہ اپیل بھی مسترد کی، بھارت نے اپنی درخواست میں 5 نکات اٹھائے تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کامؤقف تھا کہ یہ بھارتی نیوی کا افسر ہے جو کہ تسلیم کیا گیا، ہمارا مؤقف تھا کہ کلبھوشن بھارتی جاسوس ہے اور جعلی دستاویزات پر پاکستان آیا تھا، عالمی عدالت انصاف میں ہمارا یہ مؤقف بھی مانا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت مختصر نوٹس پر عالمی عدالت انصاف میں گیا اور اللہ نے پاکستان اور عدلیہ کو عالمی عدالت انصاف میں سرخرو کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اٹارنی جنرل اور ان کی ٹیم نے بہت بہتر کام کیا ، کلبھوشن کیس میں ثبوت اور شواہد کی بنیاد پر پاکستان پُراعتماد تھا، عالمی عدالت نے نظر ثانی کا معاملہ پاکستان کے عدالتی نظام پر چھوڑ دیا ہے۔

ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان کے حق میں فیصلہ ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور کلبھوشن سے متعلق فیصلہ پاکستان کی جیت ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ‘کلبھوشن، بھارت کا حاضر سروس افسر ہے، ہمارا یہ موقف مانا گیا اور دنیا نے دیکھ لیا کہ بھارت کا پاکستان میں کیا کردار ہے، بھارت نے ہمیشہ جھوٹا بیانیہ دوسروں پر مسلط کرنے کی کوشش کی لیکن عالمی عدالت کے فیصلے سے بھارتی جھوٹے بیانیے کو شکست ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن بھارت کے لیے ایک اور 27 فروری ثابت ہوا اور بھارت کو کلبھوشن فیصلے کی شکل میں آج بھی بڑا سرپرائز ملا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …