لاہور (کورٹ رپورٹر سے) لاہورہائیکورٹ نے پلاٹ کا جھانسہ دے کر سادہ لوح عوام کو لوٹنے والے شخص کے خلاف کارروائی کے لیے دائر درخواست پر سی سی پی او لاہور امین وینس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ کے جسٹس قاسم علی خان نے محمد حسین کی درخواست پر سماعت کی. درخواستگزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ملزم نے پلاٹ دلوانے کا جھانسا دے کر 20 لاکھ لوٹ لیے، جانچ پڑتال سے پتا چلا کہ پلاٹ کے کاغذات جعلی ہیں، درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نہ تو رقم واپس کی جا رہی ہے اور نا پلاٹ کے متعلق کچھ بتایا جا رہا ہے، متعدد بار تھانہ پرانی انار کلی کے ایس ایچ او کو درخواست دے چکا ہوں، بار بار چکر لگانے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی، درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت پولیس کو شہریوں کو بیوقوف بنانے والے شخص کے خلاف کارروائی کاحکم دے. عدالت نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور آمین کو نوٹس جاری کر دیے اور درخواست پر مزید کاروائی ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔
