لاہور (میڈیا پاکستان) سوئی ناردرن گیس کمپنی کے شعبہ انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کی ملی بھگت سے ریکارڈ ٹمپر کرکے صارفین کو ڈیمانڈ نوٹس جاری ہونے کے سکینڈل کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہو گئیں، کمپنی نے ملبہ شعبہ سیلز کے انتیس افسران و ملازمین پر ڈال کر چارج شیٹ جاری کردی۔تفصیلات کے مطابق رواں سال فروری میں سوئی ناردرن گیس کمپنی میں شعبہ آئی ٹی کےافسران و ملازمین کی ملی بھگت کی وجہ سے زیرالتواء درخواستوں پر ڈیمانڈ نوٹس جاری کرنے کا سکینڈل منظر عام پر آیا تھا جس پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا، ابتدائی تحقیقات میں ڈیلی ویجز کی بنیاد پر بھرتی ملازمین کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا تاہم کمپنی کے ملازمین کیخلاف تاحال انکوائری کی جا رہی ہے،کمپنی نے بجلی کی بندش اور نیٹ ورکنگ میں خرابی کی بنیاد پر زیرالتواء درخواستوں پر ڈیمانڈ نوٹس جاری کئے تھے جس کے بعد میٹرز کی تنصیب بھی کی گئی۔ذرائع کے مطابق کیس میں ملوث آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے افسران و ملازمین کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ سکینڈل کا ملبہ شعبہ سیلز پر ڈال دیا گیا ہے، شعبہ سیلز کے انتیس افسران و ملازمین کو چارج شیٹ کر کے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ شعبہ سیلز کے ملازمین نے اعلیٰ افسران کیساتھ ملاقات کر کے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سکینڈل کے اصلی ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جا سکے۔
