لاہور (میڈیا پاکستان) لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے سیشن عدالت لاہور میں صنفی اور بچوں کے مسائل سے متعلقہ مقدمات کی سماعت کے لئے قائم پہلی ماڈل عدالت کا افتتاح کر دیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے خواتین اور بچوں پر تشدد اور ان کے مسائل سے متعلقہ مقدمات کی سماعت کے لئے قائم پہلی ماڈل عدالت کا سیشن کورٹ لاہورمیں افتتاح کیا۔افتتاح کے بعد ججز اور بار کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ نے کہا کہ پاکستان میں پچاس فیصد خواتین کو تشدد کا سامنا ہے ، خواتین معاشرے کی کمزور اکائی بن کے رہ گئیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ خواتین پہ جنسی تشدد کے ساتھ جسمانی ، ذہنی اور معاشی تشدد کا سامنا ہے ، انہوں نے کہا کہ متاثرہ خواتین کو مکمل تحفظ کی فراہمی کے لئے عدالتی ڈھانچہ تشکیل دے دیا۔اب متاثرہ خواتین نڈر ہو کر عدالت میں آ سکیں گی ، چیف جسٹس نے کہا کہ ماڈل عدالت میں نہ صرف متاثرہ خواتین اور بچوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا بلکہ گواہوں کا تحفظ بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ماڈل عدالت کی اجازت کے بعد مدعی یا گواہان کا ویڈیو لنک کے ذریعے نہ صرف بیان قلمبند کیا جا سکے گا بلکہ انہیں ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتی کارروائی کا بھی حصہ بنایا جائے گا۔
