لاہور (میڈیا پاکستان) پنجاب فوڈ اتھارٹی کا شہر بھر میں ملاوٹ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن، 21216 لیٹر ناقص دودھ قبضہ میں لے کر تلف کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر کے شہر میں لائے جانے والے دودھ کے ٹیسٹ کیے۔ ٹیسٹ فیل ہونے پر 21216 لیٹر ناقص دودھ موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔فوڈ سیفٹی ٹیموں کا کہنا تھا کہ تلف کئے جانے والے دودھ میں گاڑھا کرنے والے کیمیکل، یوریا، فارمالیں اور دیگر کیمیکلز کی ملاوٹ پائی گئی تھی جس پر محکمانہ کارروائی عمل میں لاتے ہوئے دودھ کو تلف کیا گیا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ ملاوٹ مافیا کے لیے پنجاب بھر میں کہیں محفوظ ٹھکانہ نہیں بچے گا۔ دودھ کے مسائل کا مستقل حل کھلے دودھ پر پابندی اور پاسچرائزیشن کو عمل میں لانا ہے۔
