لاہور(میڈیا پاکستان ) قومی احتساب بیورو کے سینئر افسران ترقی کے منتظر، ترقیاں نہ ہونے کے باعث گریڈ 16 سے گریڈ 21 کے افسران کی 200 سے زائد آسامیاں خالی، جونیئر افسران کو عارضی چارج دے کر کام چلایا جانے لگا۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو میں گریڈ 16 سے گریڈ 21 کی 200 سے زائد آسامیاں خالی ہیں، نیب لاہور میں گریڈ 16 سے گریڈ 21 کی 26 آسامیاں خالی ہیں، ریکارڈ کے مطابق گریڈ 21 کے 12 ڈائریکٹر جنرلز میں سے 6 آسامیاں خالی ہیں، گریڈ 20 کے افسر شہزاد سلیم کو گریڈ 21 میں ڈائریکٹر جنرل کا چارج دیا گیا ہے، گریڈ 20 کے ڈائریکٹرز کی 20 آسامیاں خالی اور نیب لاہور میں گریڈ 20 کی 2 آسامیاں خالی ہیں۔ گریڈ 19 کے ایڈیشنل ڈائریکٹرز کی 66 آسامیاں اور نیب لاہور میں گریڈ 19 کی 11 آسامیاں خالی ہیں، گریڈ 18 کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کی 43 خالی آسامیوں پر جونئیر افسران کو عارضی چارج دیا گیا ہے۔
ریکارڈ کے مطابق گریڈ 17 کی اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی 57 آسامیاں اور نیب لاہور میں گریڈ 17 کی 3 آسامیاں خالی ہیں، نیب میں گریڈ 16 کے ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی 49 آسامیاں اور نیب لاہور میں گریڈ 16 کی 9 آسامیاں خالی ہیں، اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری کی 17 آسامیاں اور نیب لاہور میں اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری کی 4 آسامیاں خالی ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ محکمانہ پروموشن کمیٹی کی جانب سے گریڈ 16 اور گریڈ 17 کے افسران کو ترقیاں دی گئی ہیں مگر گریڈ 18 کے سینئر افسران کی پروموشن نامعلوم جوہات کی بنا پر ملتوی کر دی گئی ہے جس کے باعث سینئر افسران میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
دوسری جانب چیئرمین کی تبدیلی کے باعث سینئر افسران کی ترقی کا معاملہ تاخیر کا بھی شکار ہوگیا۔
