کراچی( میڈیا پاکستان ) پاکستان میں پانی کی کمی کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے اور دنیا میں پانی کی کمی کے اعتبار سے پاکستان تیسرے نمبر پر آگیا ہے جبکہ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں پانی کی قلت کے مسئلے پر قابو نہ پایا گیا تو سال2025میں شدید خشک سالی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔
ملک میں پانی کی قلت کے حوالے سے نیسلے پاکستان نے ’’نیسلے پاکستان واٹر پلان‘‘منصوبہ متعارف کرایا ہے جس کی رونمائی گزشتہ روز لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں کی گئی،منصوبے میں تعلیمی اداروں تھنک ٹینک ،لمز یونیورسٹی اور محکمہ زراعت پنجاب کو شامل کیا گیا ہے ،اس منصوبے کے تحت نیسلے پنجاب میں زرعی مقاصد کیلئے پانی کی بچت کے حوالے سے ڈرپ ایریگیشن کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جبکہ سال2018تک صاف پانی کی تنصیبات کو بڑھانے کا بھی منصوبہ ہے ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین کا کہناتھا کہ پاکستان کو اس وقت پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے اور ملک میں فی کس پانی کی سالانہ دستیابی 1017مکعب میٹر ہے جو کہ سال2009میں 1500مکعب میٹر فی کس تھی ۔
