کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کی محفل میلاد میں دھماکا، 6 افراد زخمی

کراچی(نیٹ نیوز)

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پرفیوم چوک پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے تحت میلاد النبیﷺ کی تقریب میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق دھماکے سے خاتون نعت خواں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے جنہیں جوہر چورنگی کے قریب نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا، زخمیوں میں ثمینہ، بابر، شہریار، حسن، فیضان اور احمد شامل ہیں۔

ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق ڈپٹی کنوینئر خالد مقبول صدیقی کے کوآرڈی نیٹر بھی زخمیوں میں شامل ہیں جب کہ شہریار کا تعلق ایم کیو ایم کے شعبہ اطلاعات سے ہے تاہم دونوں انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔

دھماکے کے بعد پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور شواہد اکٹھے کیے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذرائع کے مطابق دھماکا کریکر کا تھا، تقریب کے دوران کریکر سے حملہ کیا گیا جس میں 300 گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، کریکر پلاسٹک کین میں تیار کیا گیا تھا جس کے پھٹنے سے فٹ پاتھ کا تقریباً ڈیڑھ فٹ حصہ ٹوٹ گیا۔

ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کا کہنا تھا تقریب کے لیے پولیس سے اجازت لی گئی اور نہ ہی کسی تھانے یا پولیس کو اطلاع دی تھی۔

دھماکے کے بعد ایم کیو ایم کے سینیئر رہنما فیصل سبزواری نے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے تحت محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا تھا، دھماکا فٹ پاتھ کے قریب ہوا، خالد مقبول صدیقی بھی تقریب میں موجود تھے، دھماکے میں ایم کیو ایم کے شعبہ اطلاعات کا کارکن بھی زخمی ہوا ہے۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات کی فراہمی بھی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں

عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب کو وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار …