پنجاب لینڈر یکارڈ اتھارٹی کے افسروں اور عملے کو 2ماہ میں اثاثہ جا ت کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت

لاہور(عامر بٹ سے) کون کتنا امیر ہے؟حکومت پنجاب کی ہدایت پر پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ ،سروس سنٹر انچارج اور سروس سنٹر آفیشل سمیت انتظامی سیٹوں پر براجمان سٹاف کو بھی اثاثہ جات ظاہر کرنے کے لئے ڈیکلریشن فارم تقسیم کر دئے،2007سے لیکر2017تک اس پراجیکٹ میں شامل سٹاف کی جانب سے مرتب کی جانے والی رپورٹ کا جائزہ لینے کے لئے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے خفیہ سورس رپورٹ تیار کرنے کا فیصلہ کر لیا،حقائق کے برعکس رپورٹ ظاہرکرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا عندیہ دے دیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پانامہ ایشو کے بعد ایک طرف حکمران عتاب کا شکار ہیں اور عدالتی ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں تو دوسری طرف پنجاب حکومت نے بھی سرکاری ملازمین سے ان کے اثاثہ جات کی تفصیلات 2مہینے کے اندر جمع کروانے کی ہدایت کر دی ہے جس سے سرکاری ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔پنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن بابت اثاثہ جات کے بعد پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے بھی پنجاب کی 143تحصیلوں میں تعینات سروس سنٹر انچارج ،سروس سنٹر آفیشل اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈر یکارڈز کے علاوہ ہیڈ آفس میں تعینات تمام افسران میں "ڈیکلریشن آف ایسٹ فارم”تقسیم کر دیاہے اورہدایات جاری کی ہیں کہ وہ 2مہینے کے اندر پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی میں تعیناتی کے آغاز سے تاحال اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کروائیں ،غلط اثاثہ جات یا معلومات کو چھپانے کی پاداش میں سخت کارروائی کا عندیہ بھی دے دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب لینڈ ریکارڈ کے تمام اہلکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ پنجاب لینڈ ریکارڈاتھارٹی میں تعینات افسران اور اراضی ریکارڈ سنٹرز میں کام کرنے والے عملہ کے اثاثہ جات میں تعیناتی سے لے کراب تک کئی سو گنا اضافہ ہو چکا ہے ،وہ اہلکار جو کبھی آفس یا اراضی ریکارڈسنٹرز میں موٹر سائیکلوں پر آتے تھے آج ان کے پاس قیمتی گاڑیاں ہیں ،بہترین لباس اور عالیشان رہائشوں میں رہنے والے یہ ملازمین اس شان و شوکت کا کیا جواب دیں گے، یہ ابھی کسی کو بھی معلوم نہ ہے۔ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ اہلکاروں کی کثیر تعداد نے اپنے اثاثہ جات کو رشتے داروں اور قریبی عزیزوں کے نام پر منتقل کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیاہے جس کے لئے باقاعدہ وکلاء کی خدمات حاصل کی گئیں ہیں تاکہ ڈیکلریشن آف ایسٹ فارم میں ظاہر کئے گئے اثاثہ جات کے متعلق جواب دینے کے لئے قبل ازوقت تیاری کر لی جائے ۔پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے پنجاب اتھارٹی نے اپنے تمام افسران واہلکاران سے ان کے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں ،اثاثہ جات میں دھوکہ دہی یا چھپانے کی کوشش کرنے والے پکڑے جائیں گے کیونکہ تمام افسران و ملازمین کی جانب سے جمع کروائے گئے اثاثہ جات کی باقاعدہ تصدیق کی جائے گی ،کمی یا بیشی کی صورت میں متعلقہ افسر یا اہلکار خود ذمہ دار ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں

پنجاب میں ریونیو افسران کی کمی

(لاہور)محمد بلال نعیم سے پنجاب میں ریونیو افسران کی کمی پنجاب بھر میں اراضی ریکارڈ …