لاہور(ایم نائن ٹو ڈاٹ ٹی وی )دو سال کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی محکمہ اینٹی کرپشن لاہور ریجن کے افسرا ن دو ارب روپے کی کرپشن میں ملوث مرکزی ملزمان کو بلوانے میں کامیاب نہ ہو سکے ،ملزمان کی عدم دلچسپی اور بار بار نوٹس دیئے جانے کی پریکٹس نے محکمہ اینٹی کرپشن کے انوسٹی گیشن افسران کی کمزوری ظاہر کر دی ،سائل نے انصاف نہ ملنے پر عدالت میں محکمہ اینٹی کرپشن سمیت ملزمان کے خلاف کیس دائر کرنے کا اعلان کر دیا ،مزید معلوم ہوا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن لاہور ریجن میں عرصہ دو سالوں سے انکوائری نمبر ی 428/15کے تحت دو ارب روپے کی کرپشن کے الزام میں شروع کی جانے والی انکوائری فائل سرد خانے کی نذر ہو چکی ہے محکمہ اینٹی کرپشن لاہور ریجن نے دو سال قبل سرفراز حسین نامی شخص کی درخواست پر پاجیاں کیاسک سنٹر میں ضلعی انتطامیہ کی کی مد سے 2004سے2009تک کمپیوٹرائزڈ کئے جانے والے 44موضع جات کے سوفٹ ویئر ،سامان کی خرید،ڈیٹا انٹری کمپنی کے ساتھ معاہدے ،کمپیوٹر لیب سمیت دیگر قیمتی سامان کو خرد برد کئے جانے کی نشاندہی بھی کی اور اے او ایس نامی کمپنی کو قبل از وقت فنڈ جاری کرنے کے حوالے سے آگاہی بھی دی ،درخواست گزار نے مزید الزام عائد کیا ہے کہ اے او ایس کمپنی نے اغلاط سے بھرا ہوا تمام ریکارڈ فیڈ کیا تھاجس کو بعد ازاں پکڑے جانے کے خوف سے ضائع کر دیا گیا او ر اس طرح انتہائی ناقص سوفٹ ویئر استعمال کیا گیاجس کو بھی ضائع کر دیا گیا ہے سائل کی درخواست پر نامزد کئے جانے والے ملزمان میڈیم ارباب،پراجیکٹ ڈائریکٹر سید منو ر بخاری،ڈسٹرکٹ ناظر شہباز احمد اور اے او ایس کمپنی کے خلاف نوٹسز جاری کر تے ہوئے انکوائری کا آغاز کیا گیاان دو سالوں کے دوران انکوائری سوائے نوٹسز جاری کرنے سے آگے نہیں بڑھائی جاسکی جس سے بااثر ملزمان کو تحفظ مہیا کئے جانے کے حوالے سے بھی تاثر عام ہو چکا ہے ،سائل کا کہنا ہے کہ اس وقت ڈپٹی ڈائریکٹر انوسٹی گیشن نواز گوندل کے پاس انکوائری زیر سماعت ہے اور ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب مظفر علی رانجھا نے نوٹس نہ لیا تو سائل مزید خواری برداشت نہیںکرے گا اور عدالت عالیہ میں اس کیس کے حوالے سے رٹ دائر کرے گا سائل نے محکمہ اینٹی کرپشن کی پراگرس اور کارکردگی کو انتہائی مایوس کن قرارد یا ہے دوسری جانب محکمہ اینٹی کرپشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر نواز گوندل کا کہنا ہے انکوائری کو جلد از جلد نمٹایا جائے گا سائل کی ہر ممکن داد رسی کی جائے گی ملزمان اگر نہ آئے تو ان کے خلاف مقدمہ کا اندراج کر دیا جائے گا ۔
