چیئرمین سینیٹ حکومت یا پی ڈی ایم کا؟ ایوانِ بالا میں ووٹنگ جاری

اسلام آباد (میڈیا 92 نیوز آن لائن)

چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے ایوانِ بالا میں ووٹنگ جاری ہے۔

سینیٹ کا اجلاس مظفر حسین شاہ کی سربراہی میں ہورہا ہے جس میں ارکان چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کررہے ہیں اور اس ضمن میں جے یو آئی کے رہنما اور پی ڈی ایم کی طرف سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار عبدالغفور حیدری نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔

چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے اب دیگر سینیٹرز ووٹ کاسٹ کررہے ہیں اور حرف تہجی کے اعتبار سے اراکین کو ووٹنگ کے لیے بلایا جارہا ہے۔

اجلاس کے آغاز پر پریزائیڈنگ افسر مظفر حسین شاہ نے اراکین کو ووٹ ڈالنے کا طریقہ کار بتایا اور غلطی کی صورت میں ووٹ کاسٹ کرنے سے پہلے سیکرٹری سینیٹ کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔

پریزائیڈنگ افسر نے کہا کہ موبائل فون، کیمرہ اور کوئی بھی الیکٹرانک ڈیوائس کے ساتھ پولنگ بوتھ میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے بند کردیا جائے گا جس کے بعد چیئرمین سینیٹ کے لیے ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور پھر منتخب ہونے والا چیئرمین سینیٹ اپنے عہدے کا حلف لے کر ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع کرائے گا۔

چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔

اپوزیشن اتحاد کے پاس 51 ارکان کی اکثریت ہے جب کہ حکومتی اتحاد کے پاس 47 اراکین ہیں اور جماعت اسلامی نے کسی کو بھی ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

حکومت نے صادق سنجرانی کے لیے محسن عزیز کو پولنگ ایجنٹ مقرر کیا ہے جب کہ یوسف رضا گیلانی نے فاروق ایچ نائیک اور عبدالغفور حیدری نے کامران مرتضیٰ کو پولنگ ایجنٹ مقرر کیا ہے۔

سینیٹ کے 100 کے ایوان میں 99 سینیٹرز شریک ہوں گے، سابق وزیر خزانہ اور (ن) لیگ کے رہنما اسحاق ڈار سینیٹ کا حلف نہ اٹھانے کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوسکتے جب کہ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد ووٹنگ میں حصہ نہیں لیں گے۔

نومنتخب سینیٹرز نے حلف اٹھالیا

اس سے قبل سینیٹ اجلاس کا آغاز صبح 10 بجے ہوا جس میں پریزائیڈنگ آفیسر مظفر حسین شاہ نے 48 نومنتخب اراکین سینیٹ سے حلف لیا جس کے بعد تمام نو منتخب سینیٹرز نے رول آف ممبر پر دستخط کیے جس کے بعد اجلاس 3 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

پولنگ بوتھ سے کیمرہ نکل آیا

چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے قبل پولنگ کی جگہ کیمرے لگے ہونے کا الزام سامنے آیا۔

پی پی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نےد عویٰ کیا کہ سینیٹ الیکشن میں پولنگ بوتھ پر کیمرہ لگا ہوا ہے جب کہ انہوں نے اس حوالے سے ایک تصویر بھی ٹوئٹر پر شیئر کی۔

اپوزیشن نے پولنگ بوتھ میں کیمرہ نکلنے پر پولنگ بوتھ کو ہی اکھاڑ دیا اور شدید احتجاج کیا۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے چیئرمین سینیٹ کے لیے یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین کےلیے عبدالغفور حیدری کو نامزد کیا ہے۔

حکومت کی جانب سے صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے مرزا محمد آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نامزد کیا گیا ہے۔

اس سے قبل سینیٹ میں چیئرمین کا عہدہ حکومتی حمایت یافتہ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ پیپلز پارٹی کے سلیم مانڈوی والا کے پاس تھا۔

یہ بھی پڑھیں

عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب کو وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار …