کالعدم تحریک طالبان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کی ملالہ کو نئی دھمکی

برمنگھم (آن لائن) کالعدم تحریک طالبان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان نے سوشل میڈیا پر نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کو دھمکی دی ہے ۔ملالہ یوسفزئی نے ٹوئٹر پر بی بی سی اردو کو دیا گیا اپنا انٹرویو شیئر کیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ انہیں اپنا آبائی شہر سوات جان سے بھی زیادہ عزیز ہے۔ ملالہ کے اس ٹویٹ پر احسان اللہ احسان کے نام سے بنے ہوئے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے انہیں دھمکی دی گئی۔ ’ملالہ جی، آپ جلد اپنے گھر تشریف لائیے، آپ اور آپ کے والد صاحب کے ساتھ ابھی بہت سارا حساب باقی ہے، آپ کے ذمے جو قرض واجب الادا ہے وہ آپ سے وصول کرنا ہے، اس دفعہ حساب کتاب کیلئے ماہر بندہ بھیج دیا جائے گا تاکہ کوئی شک باقی نہ رہے۔‘’مبینہ‘ احسان اللہ احسان کی اس دھمکی پر ملالہ یوسفزئی نے کہا ’ یہ تحریک طالبان پاکستان کا وہی سابق ترجمان ہے جس نے مجھ سمیت کئی بے گناہوں پر حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی،یہ اب سوشل میڈیا پر لوگوں کو دھمکیاں دے رہا ہے، یہ آخر فرار کیسے ہوا؟‘خیال رہے کہ 2012 میں سوات میں ملالہ یوسفزئی پر اس وقت حملہ کیا گیا تھا جب وہ سکول جا رہی تھیں، دہشتگردوں نے ان کے سر میں گولی ماری لیکن خوش قسمتی سے وہ اس حملے میں بچ گئیں۔

یہ بھی پڑھیں

عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب کو وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار …