نواز شریف نے پروفیسرساجد میرکو مسلسل پانچویں مرتبہ سینیٹ کا ٹکٹ جاری کردیا

لاہور(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر علامہ ساجد میر کو ٹیلی فون کرتے ہوئے مسلسل پانچویں مرتبہ ن لیگ کی جانب سے جنرل سیٹ پر سینیٹ کا ٹکٹ جاری کرنے کی خوشخبری سنا دی۔مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ترجمان کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نےسینیٹ انتخابات کے لیے جنرل سیٹ پر علامہ ساجد میر کو ٹکٹ جاری کردیا ہے۔لندن میں مقیم میاں محمد نواز شریف نے سینیٹر پروفیسر ساجد میر کو ٹیلی فون کرتے ہوئے ٹکٹ کےاجراء کی اطلاع دی۔اس موقع پر میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ آپ ہمارے وفادار اتحادی ہیں جس پر ساجد میر نے مسلسل پانچویں مرتبہ ٹکٹ دینے پر میاں نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسلام کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔واضح رہے کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث اور مسلم لیگ ن دیرینہ اتحادی جماعتیں ہیں ،سینیٹر ساجد میر کی شریف خاندان سے قربت اور "غیر مشروط”حمایت کرنے کی پاداش میں انہیں اپنی جماعت کےاندرونی حلقوں کی جانب سےسخت تنقید کانشانہ بنایا جاتا رہاہے تاہم ساجد میر نے مخالفت کی پرواہ کئےبغیر اہل حدیث مکتبہ فکر کی بڑی تعداد کو اپنا ہمنوا بنایا ہوا ہے ۔یہ بھی یاد رہے کہ اس سے قبل 2015 میں وہ ن لیگ کے ٹکٹ پر ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پر ایوان بالا کے رکن منتخب ہوئے تھے۔سینیٹر ساجد میر 1992ء میں مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ بنےاور تاحال تیس سال سے بلامقابلہ اپنی جماعت کے امیر بنتے آ رہے ہیں جبکہ ن لیگ کے ٹکٹ پر وہ پہلی مرتبہ 1994ء میں سینیٹر منتخب ہوئے اور اب تک مسلسل سینیٹر چلے آ رہے ہیں ۔پروفیسر ساجد میردو اکتوبر1938ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اس لحاظ سے وہ 82 سال کی عمر میں ایک بار پھر ن لیگ کی جانب سے سینیٹ کے رکن منتخب ہونے جا رہے ہیں ۔دینی و دنیاوی علوم سے آراستہ پروفیسر ساجد میر کئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان کے کم عمر ترین تن ساز، مسٹر پاکستان کا اعزاز،B-LEGEND جم کے 25 سالہ احسن سہیل نے اپنے نام کرلیا، دیکھئے رپورٹ

پاکستان کے کم عمر ترین تن ساز ، مسٹر پاکستان کا اعزاز ، B-LEGEND جم …