لاہور(میڈیا پاکستان)عدالتی احکامات کی نفی،رشوت وصولی،ریکارڈ میں جعلی صفحات شامل کرنے ،خارج شدہ الاٹمنٹ کی جائیداد فروخت کرنے میں ملوث بری شہرت کے حامل پٹواری یوسف لکھ پتی سے محکمہ مال کے افسران اپنی جان نہ چھڑا سکے،محکمہ اینٹی کرپشن سمیت نیب میں انکوائریوں اور مقدمات کی موجودگی کے باوجود پٹواری یوسف لکھ پتی دوبارہ پٹوارخانہ الاٹ کروانے کے لئے متحرک ہو گیا،یوسف لکھ پتی کے ہاتھوں لٹنے والے شہریوں نے چیف سیکریٹری پنجاب سے نوٹس لینے کی اپیل کر دی مبینہ طور پر ملنے والی معلومات کے مطابق محکمہ مال کے شعبہ بندوبست میں تعینات یوسف لکھ پتی کے نام سے مشہور پٹواری کی جانب سے پٹوار سرکل پڈھانہ میں تعیناتی کے دوران زائد از حصہ انتقالات کے اندراج ریکارڈ میں ردوبدل اور جعلی فرضی مالکان کی متعدد وراثتیں پاس کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے،ذرائع نے مزید آگاہی دی ہے کہ مذکورہ پٹواری یوسف لکھ پتی کی موضع پڈھانہ میں اگر بستہ پڑتال کروائی جائے تو سینکڑوں ایسے انتقالات منظر عام پر آجائیں گے جو کہ ریکارڈ کے ساتھ مطابقت نہ رکھتے ہیں اس کے علاوہ موضع برکی ہڈیارہ میں تعیناتی کے دوران اورسیز پاکستانی کی جائیداد کو حکم امنتاعی کے باوجود رشوت وصولی کرتے ہوئے رقبہ متنقل کر دیا ہے جس کا وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے برائے راست نوٹس لیا ہے اور ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کو ہدائت بھی کی ہے اورسیز پاکستانی محمد الطاف بٹ کی جائیداد کو غیر قانونی طور پر منتقل کرنے میں ملوث پٹواری سمیت دیگر ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ پٹواری نے موضع دھلہ کلہ میں خارج شدہ الاٹمنٹ سے آگے بیع در بیع انتقالات پاس کرتے ہوئے سرکاری اراضی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور اس حوالے سے سابق ایس اوز نے بھی مذکورہ پٹواری یوسف لکھ پتی کے خلاف سخت الفاظ میں نوٹ تحریر کئے تھے جبکہ اس موضع میںمذکورہ پٹواری نے جعلی صفحات شامل کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر سرکاری اراضی خرد برد کی ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ پٹواری محمد یوسف لکھ پتی نے موضع پڈھانہ ،برکی ہڈیارہ ،دھلہ کلہ سمیت جہاں جہاں تعیناتی رہی ہے وہاں بڑے پیمانے پر ریکارڈ میں ردوبدل کی ہے محکمہ اینٹی کرپشن سمیت دیگر قومی احتساب بیورو ،نیب میں بھی مذکورہ پٹواری کے خلاف سنگین الزامات کے تحت انکوائریاں اور کیسز کی سماعت کی جارہی ہے مذکورہ پٹواری کی جانب سے پٹوار سرکل الاٹ کروانے کی اطلاع پر متاثرین کی کثیر تعداد سراپا احتجاج بن چکی ہے شہریوں کا کہنا ہے ہم وزیر اعلیٰ پنجاب کی واپسی کے منتظر ہیں اور چیف سیکریٹری پنجاب کے پاس مذکورہ پٹواری کے خلاف تمام شواہد اور ثبوت لے جاکر اس کو محکمے سے نکالنے کا مطالبہ کریں گے،شہریوں نے مزید کہا ہے کہ ہم مذکورہ پٹواری کے خلاف تمام شواہد اور ثبوت چند روز میں ہی ڈی سی لاہور کے حوالے کر دیں گے اور پٹواری کی تعیناتی کے حوالے شدید احتجاج بھی کریں گے،پٹواری یوسف لکھ پتی نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ تمام الزامات میں کوئی صداقت نہ ہے ،جو بھی ایجنسی یا ادارہ چاہے تو ہر طرح کی انوسٹی گیشن اور تحقیقات کے لئے تیار ہوں،ریکارڈ میں کوئی ردوبدل نہ کیا ہے۔
