لاہور (میڈیا پاکستان) حلقہ این اے 124سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری عبد الرزاق ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ۔ یہ اعلان انہوں نے تحریک انصاف وسطی پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ سے ملاقات کے دوران کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے چوہدری عبد الرزاق کو تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ نئے شامل ہونے والے دوستوں کو ہر سطح پر عزت او ر مقام دیا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی والے کئی دہائیوں سے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں اور ان کی ہوس ختم ہی نہیں ہو رہی ۔آئندہ عام انتخابات میں عوام ان کے مک مکا کو کامیاب ہونے دیں گے اور نہ کوئی دھونس اور دھاندلی چلے گی ۔ آصف علی زرداری کے دور میں کرپشن کی کئی اقسام متعارف کرائی گئیں ۔پوری قوم حیرت زدہ ہے کہ لوٹ مار کے ذریعے معیشت کو تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیلنے والے آصف علی زرداری آج معیشت دان بنے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے بھی معیشت کو آئی سی یو میں دھکیل دیا ہے اور قرضوں کے بل بوتے پر مضبوط معیشت کے دعوے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی کے رہنما ہماری قیادت کے خلاف زبان استعمال کریں گے تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا ۔ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی والوں نے نوشتہ دیوار پڑھ لیا ہے اور اپنی سیاسی ناؤ ڈوبتی دیکھ کر دونوں نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف اکٹھ کر کے پراپیگنڈا شروع کر رکھا ہے ۔چوہدری عبد الرزاق نے کہا کہ (ن) لیگ کے ترقی کے دعوے جھوٹ ثابت ہوئے ہیں اور آج عوام تین سے دو وقت کی روٹی پر آ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد کو دیکھتے ہوئے غیر مشروط طور پر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔
