لاہور (میڈیا پاکستان) پنجاب بھر میں سول ججوں کی بھرتیوں کے طریقہ کار کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے اور آئینی درخواست دائر کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بار کونسل کے رکن فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ درخواست میں رجسٹرار لاہورہائیکورٹ کو اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سول ججوں کی بھرتیوں کے لیے طریقہ کار اور سلیبس کو تبدیل کیا ہے۔ درخواست گزار وکیل کے مطابق سلیس کی تبدیلی کی وجہ سے نوجوان وکلاء کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے. درخواست گزار وکیل نے نشاندہی کی ہے کہ سلیبس کی تبدیلی سے ان وکلا بھی شدید دشواری ہورہی ہے جو پہلے امتحان میں ناکام ہوگئے تھے اب ان کو پرانے سلیبس کی جگہ نئے سلیس تیاری کرنی پڑ رہی ہے. درخواست گزار وکیل نے استدعا کی ہے کہ نومبر میں ہونے والے امتخان ملتوی کرکے امتحان کے لیے سلیبس اور مضامین تبدیل کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دیا جائے۔
