پاکستان انجینئرنگ کونسل یو اے ای کی طرف سے افطار ڈنر

دبئی (مانٹرنگ ڈیسک ) پاکستان انجینئرنگ کونسل متحدہ عرب امارات کے چیئرمین ملک ظہیر اعوان نے افطاری میں پاکستان کی یاد تازہ کردی۔ پاکستانی اور دیسی سٹائل میں تیار کردہ افطاری کی ڈشز نے سب کے دل موہ لئے۔ ابو ظہبی میں مقیم پاکستانی انجینئر ملک ظہیر اعوان ہر سال دوستوں کی ایک محدود نشست میں یادگار افطاری کا اہتمام کرتے ہیں جس میں پاکستانی کلچر اور ثقافت کو اجاگر کیا جاتا ہے۔

خالص دیسی انداز میں کھانوں کی تیاری اور پیشکش اس تقریب کا خاصہ ہوتا ہے۔ مہمانوں کے لئے بیٹھنے کے لئے روایتی صوفوں یا آرام دہ کرسیوں کی بجائے پاکستانی چارپائیاں، تخت اور دیسی موڑھے رکھے جاتے ہیں تاکہ مہمانوں کو خالص دیسی ماحول فراہم کیا جاسکے۔

اس سال کے افطار ڈنر میں گلف نیوز کے ایسوسی ایٹ ایڈیٹر اشفاق احمد، راجہ اسد، عبدالرحمن رضا، قاضی وقار احمد، محمد اجمل، توقیر احمد، مشبر احمد، عابد قاضی، عبدالحمید، فرحان احمد، مستنصر احمد، فرقان حیدر، بلال احمد، مستغیث شاہد، جاوید احمد، عرفان افسر اعوان اور سفارتخانہ پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ سعید سرور کے علاوہ دیگر متعدد لوگوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر تائیکوانڈو کے دو کھلاڑیوں اسنان اشفاق اور عمار اشفاق کو حوصلہ افزائی کے طور پر اعزازی شیلڈز بھی دی گئیں۔ تقریب کے میزبان ملک ظہیر اعوان نے کہا کہ اس اجتماعی افطاری کا مقصد آپس میں مل بیٹھنا اور پاکستانی کلچر و ثقافت کو اجاگر کرنا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیسی انداز میں تقریب کا انعقاد سب دوست بے حد پسند کرتے ہیں اور وقتی طور پر اپنے آپ کو اپنے وطن میں اپنوں کے درمیان ہی تصور کرتے ہیں۔ ملک ظہیر اعوان نے ماہ رمضان کی اہمیت اور تقدس کے بارے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان برکتوں اور انعامات کے حصول کا مہینہ ہے اس مہینہ سے ہر مسلمان کو خصوصی عبادات کے ذریعے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ عبادات کے ساتھ ساتھ دوسرے لوگوں کی حاجات اور بنیادی ضرورتوں کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔

روزہ کا مقصد دوسروں کا احساس کرنا بھی ہے۔ روزہ ہمیں دوسروں کی بھوک پیاس اور مشقت کا بھی احساس دلاتا ہے لہٰذا ہمیں غریبوں، مسکینوں، ناداروں اور حاجت مندوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہیے تاکہ روزہ کا اصل مقصد حاصل ہو۔ تقریب کے آخر میں ملک ظہیر اعوان نے تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور ان کی تواضع پرتکلف ڈنر سے کی۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …