دبئی: پاکستانی خاتون کو بینک ملازم کو رشوت کی آفر کرنے پر گرفتار کر لیا گیا

خاتون نے بینک سے قرضہ حاصل کرنے کی خاطر پاکستانی ملازم کو ایک لاکھ درہم کی آفر کی تھی
دبئی(میڈیا92نیوز آن لائن)پولیس نے ایک پاکستانی خاتون کو جعلی دستاویزات تیار کرنے اور ہم وطن بینک ملازم کو رشوت کی آفر دینے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ استغاثہ کی جانب سے پاکستانی کاروباری خاتون پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے بینک سے اڑھائی لاکھ درہم کا قرضہ حاصل کرنے کی خاطر کسی اورخاتون کے نام سے جعلی کاغذات تیار کیے اور بینک کے 28 سالہ پاکستانی ملازم کو آفر کی کہ اگر وہ اس کے قرضے کی درخواست منظور کروا دے گا تو وہ اسے ایک لاکھ درہم بطور رشوت ادا کرے گی۔بینک ملازم کی جانب سے اپنے اعلیٰ افسران کو آگاہ کیا گیا کہ 34 سالہ پاکستانی خاتون نے اسے رشوت کی آفر کی ہے جس پر بینک انتظامیہ نے خاتون کے خلاف دبئی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کروا دیا۔ اس مقدمے میں خاتون کے علاوہ ایک اور پاکستانی کو بھی نامزد کیا گیا ہے جو تاحال مفرورہے۔ استغاثہ کے مطابق خاتون نے ایک اماراتی خاتون کے نام سے جعلی کاغذات تیار کروا کر ایک مقامی بینک میں اکاﺅنٹ کھلوانے کی درخواست دے دی۔اس مقصد کے لیے اس نے تنخواہ کے جعلی سرٹیفکیٹس تیار کروائے۔ اس کے علاوہ تنخواہ کی بینک میں منتقلی کے لیے بھی جعلی سر ٹیفکیٹس پیش کیا۔ پاکستانی خاتون نے اماراتی خاتون کے نام سے ایک لاکھ درہم کا جعلی چیک بھی پیش کیا۔ استغاثہ کی جانب سے خاتون پر سرکاری ملازمہ کو رشوت کی آفر کرنے، دستاویزات میں رد و بدل کرنے، ایک سرکاری محکمے کی مہر جعلی طور پر تیار کرنے کے علاوہ دھوکا دہی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں اور خاتون کو سخت سے سخت سزا دینے کی درخواست کی ہے۔ اس مقدمے کا فیصلہ کل سنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …