ورلڈ کپ کے آفٹر شاکس : بھارتی کرکٹ بورڈ نے ویرات کوہلی کو ’مشاورت‘ سے بھی فارغ کردیا

نئی دہلی (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) کرکٹ ورلڈ کپ میں کپتان ویرات کوہلی کی قیادت میں بری کارکردگی دکھانے والی بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے نئے کوچ اور دیگر اسٹاف کی کھوج میں سرگرداں بھارتی کرکٹ بورڈ نے جہاں مطلوبہ افراد کی تلاش کے لیے اشتہارات جاری کردیے ہیں وہیں نامور بلے باز کو اہم ترین فیصلوں میں مشاورت سے بھی محروم کردیا ہے۔

بھارت کے مؤقر اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو کوچ کے انتخابی عمل سے یکسر علیحدہ کردیا گیا ہے جس کے معنی یہ ہوں گے کہ اس مرتبہ ان کی پسند اور نا پسند کا خیال نہیں رکھا جائے گا۔

2017 میں جب روی شاستری کو بھارتی کرکٹ ٹیم کا کوچ بنایا گیا تھا تو ویرات کوہلی کی رائے لی گئی تھی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق 2017 میں ہی جب بطور کوچ انل کمبلے کو ہٹایا گیا تھا تو اس کے پس پردہ محرکات میں بھی انھی کا نام آیا تھا کیونکہ ویرات کوہلی کو ان پر اعتراض تھا۔

بھارتی اخبار کے مطابق نئے کوچ کا حتمی انتخاب سابق کرکٹ کپتان کپل دیو کریں گے جس کے بعد تو ثیقی سند سی او اے کی ثبت ہوگی۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق بی سی سی آئی کے ایک افسر نے نام نہ بتانے کی شرط ہر کہا کہ اس مرتبہ کپل دیو نئے کوچ پر ویرات کوہلی سے مشاورت نہیں کریں گے اور نہ رائے لیں گے۔

اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اس مرتبہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سپورٹنگ اسٹاف کا انتخاب بھی ٹیم کے سلیکٹرز کریں گے جب کہ گزشتہ مرتبہ روی شاستری نے ازخود سپورٹنگ اسٹاف کا انتخاب کیا تھا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے کوچ سمیت دیگر سپورٹنگ اسٹاف کے لیے درخواستیں طلب کررکھی ہیں۔ یہ درخواستیں 30 جولائی 2019 کی شام پانچ بجے تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔

جن عہدوں کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں ان میں ہندوستانی مرد کرکٹ ٹیم کے اہم کوچ، بلے بازی کوچ، گیند بازی کوچ، فیلڈنگ کوچ، فیزیوتھراپسٹ، اور انتظامی مینیجر شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب کو وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار …