کرکٹ ورلڈکپ، 4 عشروں کا سفر ختم، منزل پاتے ہی انگلینڈ میں جشن

لندن (میڈیا92نیوز آن لائن) لندن کے تاریخی لارڈز میدان پر انگلش تماشائیوں نے جیت کا بھرپور جشن منایا۔کرکٹ عالمی چیمپئن بننے کیلئے انگلینڈ کا چار عشروں سے زائد کا سفر ختم ہوا، لارڈز میں اتوار کو منزل پاتے ہی ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ نوجوان،بچے ، بوڑھے اور خواتین اپنی ٹیم کی تاریخ ساز کامیاب پر رقص کررہے تھے۔

سڑکوں پر ٹریفک جام تھا اور لوگ ایک دوسرے سے بغل گیر ہوکر مبارک باد دے رہے تھے۔1966میں انگلینڈ نے اسی لندن شہر میں پہلی بار ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ ویمبلے میں جیتا تھا۔ شائقین کا کہنا تھا کہ1966کے بعد اس شہر میں پہلی بار اس طرح کے جشن کا سماں ہے۔ روایتی انداز میں لوگ رقص کررہے تھے اور نعرے لگارہے تھے۔ سپر اوور کے وقت تماشائی نشستوں سے کھڑے ہوگئے۔ گرائونڈ میں کانوں پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی۔

انگلش مداح مسلسل اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی میں مصروف تھے۔ انگلینڈ کو ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر پر سجانے کے لئے44سال کا طویل انتظار کرنا پڑا۔1975میں ورلڈ کپ کا آغاز انگلینڈ سے ہوا تھا۔انگلینڈ نے ایک ایسا شاندار اور یادگار میچ جیتا جسے مدتوں فراموش نہیں کیا جائے گا۔ایکشن ،سسپنس اور ڈرامے سے بھرپور فائنل میں میزبان ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔

1979 میں لارڈز میں انگلش ٹیم نے پہلا فائنل کھیلا جس میں ویسٹ انڈیز نے اسے شکست دی۔ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو چالیس لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملی۔لارڈز میں فائنل کے ساتھ ہی آئی سی سی ورلڈ کپ کا میلہ چھ ہفتے بعد اپنے اختتام کو پہنچا۔فائنل ہارنے والی نیوزی لینڈ ٹیم بیس لاکھ ڈالرز کی رقم ملی۔ 1987میں کول کتہ میں آسٹریلیا اور1992میں میلبورن میں اسے پاکستان کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ لیکن لارڈز میں2019کا ورلڈ کپ انگلینڈ کے نام رہا۔

اوئن مورگن کی قیادت میںانگلینڈچالیس سال بعد ہوم گرائونڈ پر فائنل کھیل رہی تھی۔ جب کہ ملک سے باہر27سال بعد ورلڈ کپ فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔1996کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کا نیا عالمی چیمپئن سامنے آیا ہے۔انگلینڈ نے اس سے قبل کبھی ورلڈ کپ نہیں جیتا تھا۔ہوم گرائونڈ پر انگلینڈ تاریخ میںپہلی بار ورلڈ کپ جیتنے کے لئے فیورٹ تھی۔ 1992کے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر ورلڈ کپ جیتا تھا۔لاہور میں سری لنکا نے پہلی بار ورلڈ کپ جیتا تھا۔

انگلینڈ نے چوتھی بار اور نیوزی لینڈ نے مسلسل دوسرے فائنل کھیلا۔بھارت کے بعد انگلینڈ دوسرا میزبان ملک ہے جس نے ہوم گرائونڈ پر فائنل جیتا ہے۔بھارت نے2011میں ممبئی میں فائنل میں سری لنکا کو شکست دی تھی۔اتوار کو میچ میں کئی نشیب و فراز آئے لیکن انگلش ٹیم نے مضبوط اعصاب کے ساتھ ہوم گرائونڈ کا ایڈوانٹیج لیا اور ورلڈ کپ کا سب سے سنسنی خیز میچ کھیلا۔

لارڈز کے تاریخی میدان پر دو ایسی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں جو ماضی میں ورلڈ کپ جیتنے کی معاملے میں بدقسمت رہی تھیں۔ انگلینڈ نےنیوزی لینڈ کے خلاف 242 کے ہدف کے مقابلے میں 50 اوورز میں 241رنز بنائے پہلی بار فائنل کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔ ایسے مناظر لندن میں کم کم دکھائی دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …