چیئرمین سینٹ کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد : عثمان بزدار نے بڑا دعوی کردیا

لاہور(میڈیا92نیوز آن لائن)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کے ساتھ تھی، ہے اور رہے گی۔ اپوزیشن جماعتوں میں صادق سنجرانی کو چیئرمین سینٹ کے عہدے سے ہٹانے کا دم خم نہیں ہے۔ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن جماعتوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ انتشار اور افراتفری کی سیاست کی علمبردار اپوزیشن جماعتیں ذاتی ایجنڈے کو لے کر چل رہی ہیں۔

ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ جمہوری ملکوں میں اپوزیشن کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر منفی سیاست کو پروان چڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کو ایوان کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے۔ تحریک عدم اعتماد کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا بھرپور جواب دیا جائیگا اور پاکستان تحریک انصاف اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر چیئرمین سینٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے صادق سنجرانی نے سینٹ کی چیئرمین شپ کے عہدے کا حق ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ذاتی نمود و نمائش کیلئے صرف عمارتیں کھڑی کیں اور عوام کی بنیادی ضرورتوں کو ماضی میں یکسر نظر انداز کیا گیا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے نظام کو تبدیل کرنے کیلئے بنیادی اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے عوام کو تعلیم، صحت اور صاف پانی مہیا کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور ہماری حکومت عوام کو یہ حق واپس کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نظام میں سرائیت کرنے والی خرابیوں کو درست کرنے کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں۔ مشکل وقت ختم ہونے کو ہے اور اچھا وقت دروازے پر دستک دے رہا ہے اور پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
فخرامام کی وزیر اعلی سے ملاقات
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور چیئرمین کشمیر کمیٹی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم کی شدید مذمت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے کہاکہ آزادی کشمیری عوام کا حق ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر عاصم چیمہ کی ملاقات ۔

وزیراعلیٰ نے لاہور بار ایسوسی ایشن کے متعلقہ مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خود وکیل رہا ہوں اور وکلاء برادری کے مسائل جانتا ہوں اور تحریک انصاف کی حکومت وکلاء برادری کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ لاہور بار ایسوسی ایشن کی ڈسپنسری کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کمشنرلاہور ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ ڈسپنسری کا دورہ کر کے اپ گریڈیشن کے لئے ضروری اقدامات کریں۔ صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ، سیکرٹری خزانہ، کمشنر لاہور ڈویژن، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب ، سی سی پی او لاہور اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …