سپر اوور کے معاملے میں نیوزی لینڈ بدقسمت ترین ٹیم ، لیکن کیسے ؟

لاہور (میڈیا92نیوز آن لائن) نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا ، یہ ون ڈے اور ورلڈ کپ کی تاریخ کا پہلا میچ تھا جس کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا ،سپر اوور کے میچز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی قسمت نے زیادہ تر ان کا ساتھ نہیں دیا ،

پانچ سپر اوور میچز میں سے کیوی ٹیم صرف ایک مرتبہ فاتح قرار پائی ہے ، سپر اوور میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک اوور دیا جاتا ہے اور اگر سپر اوور کا میچ بھی ٹائی ہو تو میچ کا فیصلہ زیادہ باونڈریز مانے والی ٹیم کے حق میں کیا جاتا ہے ، اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی کے کئی میچز کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا ،

دلچسپ بات یہ ہے کہ سب سے زیادہ سپر اوور میچز نیوزی لینڈ کے کھاتے ہی میں آئے ، کیوی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی میچز میں چار مرتبہ سپر اوور میں مقابلہ کیا تاہم اسے تین میں شکست ہوئی اور صرف ایک میچ میں فاتح قرار پائی، سب سے پہلے سپر اوور کا استعمال ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوا تھا جس میں کیوٹی ٹیم ہی شکست سے دوچار ہوئی ،

26دسمبر 2008کو ہونے والے اس میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے سپر اوور میں ایک کھلاڑی کے نقصان پر 25رنز بنائے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 15رنز دو کھلاڑی آئوٹ پر محدود رہی ، 28فروری 2010کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ بھی ٹائی ہوا جس کے بعد اس کافیصلہ سپر اوور میں ہوا ، اس میچ میں نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو 10رنز کا ہدف دیا تاہم آسٹریلوی ٹیم 6رنز تک محدود رہی ،

7ستمبر 2012کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ بھی برابر رہا جس کے بعد سپر اوور میں گرین شرٹس نے آسٹریلیا کو شکست دیدی ، 27ستمبر 2012کو سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا ، اس میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست ہوئی ،

یکم اکتوبر 2012میں ایک بار پھر نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا اور اس میں بھی کیوی ٹیم کو شکست رہی ، 30نومبر 2015کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا جس میں گرین شرٹس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔

یہ بھی پڑھیں

عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب کو وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار …