جعلی اکاؤنٹس کیس: زرداری اور بلاول کی آج نیب میں پیشی

اسلام آباد(میڈیا92نیوزآن لائن رپورٹ عمر خالد سے) جعلی اکاؤنٹس کیس کی تفتیش میں سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج نیب میں پیش ہو رہے ہیں۔اس موقع پر اسلام آباد میں نیب کے دفتر کے باہر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد پہلے سے موجود ہے جو اپنے رہنماؤں کے حق میں نعرے بازی کر رہی ہے۔بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کو نیب نے 11 بجے دن پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم جیالے صبح ہی سے نیب کے دفتر کے باہر جمع ہیں۔نیب کی تفتیشی ٹیم نے آصف زرداری اور بلاول سے پوچھنے کے لیے سوالات تیار کر لیے ہیں،نیب نے سیکیورٹی کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کو خط بھی لکھ دیا ہے۔گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ نے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی دس دن کے لیے عبوری ضمانت منظور کی تھی۔سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے پارک لین اسٹیٹس اور جعلی بینک اکاؤنٹس کے بارے میں تفتیش کی جائے گی۔جعلی اکاؤنٹس کیس یا کسی بھی کیس میں بلاول کی یہ نیب کے سامنے پہلی حاضری ہوگی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری سے زرداری گروپ آف کمپنیز کے 4 جعلی اکاؤنٹس سے تعلق کے بارے میں پوچھا جائے گا۔سابق صدر اور ان کے بیٹے بلاول بھٹو سے پارک لین اسٹیٹس کی طرف سے ڈیڑھ ارب روپے کا قرض فرنٹ کمپنی میسرز پارتھنن کے ذریعے نیشنل بینک اور سمٹ بینک سے لینے اور اس قرض کو 2اعشاریہ 8ارب تک ری اسٹرکچر کرانے سے متعلق بھی پوچھ گچھ کی جائے گی۔آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے پارک لین اسٹیٹس میں شیئر ہولڈر ہونے کے بارے میں بھی سوالات کیے جائیں گے۔پیپلز پارٹی نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی نیب میں پیشی کے موقع پر اپنے ارکان پارلیمنٹ اور کارکنوں کو نیب آنے کے لیےخصوصی ہدایات جاری کی تھیں۔نیب کے سیکیورٹی انتظامات کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کو خط لکھنے کے بعد نیب دفتر کے باہر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب کو وزیراعظم کے عہدے کا امیدوار …