اسلام آباد(میڈیا پاکستان) نیب نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت کی پیش رفت رپورٹ نگران جج کو جمع کرا دی۔ذرائع کے مطابق نگران جج جسٹس اعجاز الااحسن کو نیب کی جانب سے رپورٹ سر بمہر لفافے میں جمع کرائی گئی۔ پیش رفت رپورٹ میں نگران جج کو احتساب عدالت کی رواں ہفتے کی عدالتی کارروائی سے آگاہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی احتساب عدالت پیشی، اسحاق ڈار کے خلاف نیب گواہ کے بیان کا ریکارڈ ہونا شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں احتساب عدالت کی جانب سے حسن نواز، حسین نواز، کیپٹن صفدر کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اور مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ کے اجراء کو بھی پیش رفت رپورٹ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ رپورٹ میں رواں ہفتے احتساب عدالت کی کارروائی کی آرڈر شیٹس کو بھی شامل کیا گیا ہے، نیب کی جانب سے نگران جج کو ہفتہ وار پیشرفت رپورٹ فراہم کی جاتی ہے۔
