اسلام آباد (میڈیا پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو منانے کی آخری کوشش بھی ناکام ہوگئی ہے ۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ جمعہ کے روز وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس سے پہلے وفاقی وزرا خواجہ سعد رفیق اور رانا تنویر کو چوہدری نثار کے پاس بھیجا گیا اور انہیں منا کر اجلاس میں لانے کا ٹاسک دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ پچھلے کچھ دنوں سے طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے منظر سے غائب تھے اور وہ گزشتہ روز اسی ملاقات کیلئے پنجاب ہاﺅس آئے تھے۔ ملاقات کے دوران چوہدری نثار نے دونوں وزرا کو اپنے موقف سے آگاہ کیا جس پر دونوں وزرا نے ان کے موقف کی تائید کی اور کہا کہ وہ مانتے ہیں کہ بہت سے مواقع پر اہم وزرا کو مشاورتی عمل میں شامل نہیں کیا گیا تاہم یہ وقت اختلافات کا نہیں بلکہ مل بیٹھنے کا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ خواجہ سعد رفیق اور رانا تنویر کی چوہدری نثار کو منانے کی کوشش ناکام ہوگئی۔ انہیں چوہدری نثار نے کہا ہے کہ وہ اتوار کو پریس کانفرنس میں ہی اپنے موقف سے آگاہ کریں گے۔
