اسلام آباد ہائیکورٹ کا زلفی بخاری کے حق میں اہم فیصلہ

اسلام آباد(نیٹ نیوز/میڈیا92نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری کانام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم دے دیا۔جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے فیصلہ سنایا۔زلفی بخاری نے اپنا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے اقدام کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرنے کی استدعا کی تھی۔فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فاضل بینچ نے 4 دسمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو آج سنایا گیا۔واضح رہےکہ زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔پی ٹی آئی کی حکومت سے قبل وہ عمران خان کے ہمراہ عمرے پر روانہ ہو رہے تھے کہ ان کا نام بلیک لسٹ میں ہونے کی وجہ سے امیگریشن حکام نے انہیں بیرون ملک جانے سے روک دیا تھا تاہم کچھ دیر بعد انہیں جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔زلفی بخاری کا نام آف شور کمپنیوں کے باعث پاناما لیکس میں بھی آیا ہے، جس پر نیب میں ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور اس سلسلے میں وہ کئی بار نیب میں پیش بھی ہوچکے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں قومی احتساب بیورو (نیب) کے اسپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق نے وزیراعظم عمران خان کے مشیر زلفی بخاری کی دہری شہریت پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سخت مؤقف اپنایا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ اسی روز مقدے کی سماعت کے بعد عدالت کے احاطے میں زلفی بخاری اور اسپیشل پراسیکیوٹر میں تلخ کلامی بھی ہوئی تھی جس کے بعد اسپیشل پراسیکیوٹر کو نیب ہیڈ کوارٹرز بلا کر استعفیٰ طلب کیا گیا تھا اور انہوں نے استعفیٰ دے دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …