ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے وزیراعظم کی پاکستانی عوام سے تعاون کی اپیل

اسلام آباد(نیٹ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستانی عوام سے تعاون کی اپیل کردی۔
انسداد پولیو مہم کے لیے قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قوم آگے بڑھے اور وطن عزیز کو پولیو سے پاک سرزمین بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔
واضح رہے کہ پولیو کے انسداد کے لیے اس سال کی آخری مہم کا آج سے آغاز ہوگیا ہے، جس کے دوران 3 کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
قومی ایمرجنسی سینٹر برائے انسداد پولیو اسلام آباد سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چار روزہ پولیو مہم میں 2 لاکھ70 ہزار صحت محافظ حصہ لے رہے ہیں، جو گھر گھر جاکر پیدائش سے لے کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا یقینی بنائیں گے۔
ملک کے سات بڑے شہروں میں گٹر کے پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق
واضح رہے کہ اس سال ملک بھر سے پولیو کے 8 کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں، جن میں بلوچستان کے ضلع دکی سے تین، خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ سے ایک، کراچی کے علاقے گڈاپ سے ایک، خیبر پختونخواہ کے ضلع خیبر سے ایک اور باجوڑ سے دو کیسز شامل ہیں۔
تاہم 2014ء سے پولیو کے کیسز میں 97 فیصد کمی آئی ہے۔ 2014ء میں پولیو کے 306 کیسز رپورٹ ہوئے تھے
قومی ایمرجنسی سینٹر برائے انسداد پولیو کے مطابق اس بڑی کامیابی کے باوجود نومبر میں ملک کے سات بڑے شہروں کے گٹر کے پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ان شہروں میں سندھ میں سکھر، کراچی، خیبر پختونخوا میں پشاور اور مردان، پنجاب میں لاہور، راولپنڈی اور دارالحکومت اسلام آباد شامل ہیں۔
انسدادپولیو کے لیے وزیراعظم کے فوکل پرسن بابر بن عطاء نے بھی والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔
پولیو کاعالمی دن:مشکلات کےباجود بلوچستان کی خواتین ورکرز مرض کےخاتمے کیلئےپُرعزم
ساتھ ہی انہوں نے ہدایت کی کہ ہر پاکستانی، صحت محافظ کا کردار ادا کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کے گھر اور گردونواح میں کو ئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔
اس حوالے سے کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی سینٹر برائے انسداد پولیو ڈاکٹر رانا صفدر نے بتایا کہ موجودہ موسم پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے بہترین ہے اور قومی انسداد پولیو پروگرام کی پوری کوشش ہے کہ اس وائرس کا پولیو مہم کے ذریعے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خاتمہ کردیا جائے۔
واضح رہے کہ بدقسمتی سے پاکستان اب بھی دنیا کے اُن چند ممالک میں شامل ہے، جو پولیو کا خاتمہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

امریکا اسرائیل کو 2 ہزار پونڈ وزنی بم سمیت دیگراسلحہ فراہم کرے گا

 واشنگٹن: امریکا نے اسرائیل کو اربوں ڈالر کے بم اور لڑاکا طیارے بھیجنے کی منظوری دے …