حکمرانوں کو پیغام دے دیا جو کرے گا وہ بھرے گا، چیرمین نیب

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو پیغام دے دیا جو کرے گا وہ بھرے گا۔
یوم انسداد بدعنوانی کے موقع پر ایوان صدر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ سابق اور موجودہ حکمرانوں کو پیغام دینے میں کامیاب ہوگیا کہ جو کرے گا وہ بھرے گا، گزشتہ 30 سال برسراقتدار لوگ شاید فراموش کرگئے کہ یہ عہد مغلیہ اور شہنشاہوں کا دور نہیں، اب ظل الہیٰ کا دور گزر چکا اور عام آدمی کو بھی پوچھنے کا حق ہے کہ آپ نے ایسا کیوں کیا اور نیب کو یہ حق حاصل ہے۔
جاوید اقبال نے کہا کہ کسی کی عزت و نفس کو ٹھیس نہ پہنچے یہ سامنے رکھ کر پوچھا جاتا ہے، لیکن پوچھا جائے تو جواب دینا فرض ہے، اتنا حساس بھی نہیں ہونا چاہیے، لاکھوں کی جگہ کروڑوں اور اربوں خرچ ہوں گے اور جس نے کرپشن کی ہے اسے حساب دینا ہوگا، پہلے جن لوگوں کے پاس 70 سی سی موٹرسائیکل تھی اب دبئی میں ٹاور ہیں، نیب نے اگر یہ پوچھ لیا کہ ٹاور کہاں سے آئے تو کیا گستاخی ہوگئی؟، اگر حساب مانگنا جرم ہے تو یہ جرم ہوتا رہے گا۔
چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کیخلاف جارحانہ مذموم پروپگینڈا کیا گیا تاکہ مایوسی پھیلے، ان عناصر کو میں بتاتا ہوں کہ عوام کو سب پتہ ہے کون اندھیرے پھیلا رہا ہے ،عوام اتنے معصوم اور سادہ نہیں کہ اچھے برے میں تمیز نہ کرسکیں، نیب اپنا کام جاری رکھے گا آپ پروپیگنڈا کریں یا نہ کریں، بیورو کریسی کو چاہیے کہ شاہ سے زیادہ شاہ کا وفادار نہ بنے، نظام حکومت میں بیوروکریسی ریڑھ کی ہڈی ہے، لیکن اگر ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف ہوجائے تو تھراپی تو کرنی پڑتی ہے، نیب کو ایک ایک گھنٹے تک پارلیمنٹ میں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، نیب کو برابھلا کہہ کر لوگوں کی ہمدردیاں سمیٹنے کا وقت گزر گیا۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …