لاہور(میڈیا پاکستان)اوورسیز پاکستانیز کمیشن (اوپی سی)پنجاب کی بدولت سعودی عرب میں مقیم اوورسیز پاکستانی خاتون کا ایک کروڑ25 لاکھ روپے مالیت کا مکان ناجائز قابضین سے واگزار کرالیاگیاہے۔ وائس چیئرپرسن اوپی سی شاہین خالد بٹ نے بتایا کہ مدنیہ منورہ ،سعودی عرب میں رہائش پذیر خاتون شمیم بی بی نے کمیشن کو درخواست دی کہ ان کے پیراں غائب روڈ ملتان میں واقع مکان پر کرایہ دار غیرقانونی طورپر قابض ہے اور مکان خالی کرنے کی بجائے انہیں اوران کے اہل خانہ کو ہراساں کررہاہے۔ شاہین خالد بٹ نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی ملتان کے ارکان کی مدد سے اس مکان کو خالی کراکے اس کا قبضہ اصل مالک کے حوالے کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اوپی سی کے قیام کا مقصد سمندرپارمقیم ہم وطنوں کے مسائل کا حل ہے اور یہ ادارہ ابتک ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں کور یلیف فراہم کرچکاہے۔
