لاہور(میڈیا پاکستان) جنرل ہسپتال کی 3سی ٹی سکین مشینیں، جن میں2خراب اور ایک بجلی کی عدم دستیابی پر بند ہے۔ مریض نجی ہسپتالوں سے مہنگے داموں سی ٹی سکین ٹیسٹ کرانے پرمجبور ہوگئے۔ پرنسپل اور ایم ایس خواب خرگوش کے مزے لینے لگے۔ ذرائع کے مطابق جنرل ہسپتال کی دوسی سٹی سکین مشینیں گزشتہ روز سے خراب ہونے پربند ہیں جن میں ایمرجنسی وارڈز کی مشینیں بھی شامل ہے۔ جنرل ہسپتال میں زیادہ تر حادثات کا شکار مریض آتے ہیں اور زیادہ تر مریضوں کی ہیڈانجری ہوتی ہے جن کا سی ٹی سکین ٹیسٹ اشد ضروری ہوتا ہے مگر مشینیں خراب ہونے پر مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ جنرل ہسپتال کی انسٹیٹیوٹ آف نیوروسائنسز میں نصب تیسری مشین بجلی کی عدم دستیابی پر بند رہی۔ ہسپتال انتظامیہ نے تاحال دونوں خراب مشینیں ٹھیک کرانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے۔
