لاہور(میڈیا پاکستان) لاہورہائیکورٹ نے محکمہ ایکسائز کی جانب سے جاری لگژری گھروں پر ٹیکس نوٹس معطل کرتے پنجاب حکومت اور محکمہ ایکسائز سے جواب طلب کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس مامون الرشید نے لیاقت علی وغیرہ کی درخواست پر کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ محکمہ کی جانب سے ڈبل ٹیکس وصول کیلئے نوٹس بھجوائے جارہے ہیں جوکہ غیر قانونی ہے حکومت کی جانب سے پہلے ہی پراپرٹیز ٹیکس وصول کیے جارہے ہیں قانونی طور پر ایک ہی چیز پر دو مرتبہ ٹیکس وصول نہیں کیاجاسکتا۔ فاضل عدالت نے دلائل سننے کے بعد محکمہ کی جانب سے بھجوائے گئے ٹیکس نوٹس کومعطل کرتے ہوئے وزارت ایکسائز سے جواب طلب کرلیا۔
