لاہور(سپورٹس ڈیسک/میڈیا92نیوز) ایشیا کپ کے لیے دبئی پہنچنے والے قومی شاہین آج سے ٹریننگ شروع کریں گے، بے بی ٹیم ہانگ کانگ اور روایتی حریف بھارت کے خلاف اونچی اڑان بھرنے کو تیار ہیں۔
نوجوان اوپنر امام الحق نے بھی ٹیم کو جوائن کر لیا، مشن ایشیا کپ کیلئے صحرائی میدانوں میں شاہینوں نے بسیرا کر لیا، آج سے تربیتی کیمپ شروع ہوگا اور ایک روز آرام کے بعد قومی کھلاڑی کوچنگ سٹاف کے زیر نگرانی آج سے ٹریننگ کریں گے۔ بیٹنگ، بائولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں ہوں گی اور بھاگ دوڑ میں بھی پسینے بہائیں گے۔
قومی اوپنر امام الحق نے ایشیا کپ سکواڈ کو جوائن کر لیا، امام الحق ویزے میں تاخیر کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ دبئی نہیں جا سکے تھے۔ ایشیا کپ کا معرکہ پندرہ ستمبر سے شروع ہو گا۔ قومی ٹیم ایونٹ کے دوسرے روز کوالیفائر ہانگ کانگ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔
فائنل سے پہلے بڑا فائنل انیس تاریخ کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو گا جس کا سب کو شدت سے انتظار ہے۔ قومی کھلاڑی فاتحانہ آغاز اور ٹائٹل جیتنے کے لیے پُرجوش ہیں۔