پاکستانتازہ ترین

بریکنگ نیوز: شہباز شریف اپنی بھابھی بیگم کلثوم نواز کی میت پاکستان لانے کے لیے برطانیہ چلے گئے

لندن(نیٹ نیوز/میڈیا92نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم میاںنواز شریف کے بھائی میاں شہبازشریف اپنی بھاوج بیگم کلثوم نواز کی میت لانے کے لیے لاہور سے برطانیہ روانہ ہوگئے۔
شہباز شریف کلثوم نواز کی میت لینے کیلئے آج صبح ساڑھے 9 بجےغیر ملکی پروازکے ذریعے لندن روانہ ہوئے ہیں ۔
اس سے قبل کلثوم نواز کے انتقال کے بعد شہباز شریف سمیت خاندان کے دیگر افراد کل شام اڈیالا جیل پہنچے تھے اور4گھنٹے تک ملاقات کی تھی۔
شہباز شریف اس کے بعد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی پیرول پر رہائی کے بعد ان کے ساتھ ہی خصو صی پرواز میں لاہور پہنچے تھے۔
واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز گزشتہ روز لندن میں 68برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں، ان کی حالت دوبارہ انتہائی تشویشناک ہو گئی تھی جس کے بعد انہیں ایک مرتبہ پھر وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا، بیگم کلثوم نواز کے پھیپھڑوں نے کام چھوڑ دیا تھا۔
بیگم کلثوم نواز کینسر کے عارضے میں مبتلا تھیں اور گزشتہ 13 ماہ سے لندن کے ہارلےا سٹریٹ کلینک میں زیر علاج تھیں۔
بیگم کلثوم نواز کے جنازے میں شرکت کرنے کے لیے پنجاب حکومت نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہا کیا گیا ہے۔
اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد اُنہیں اسلام آباد ایئرپورٹ سے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور لے جایا گیا، جس کے بعد اُنہیں سخت سیکیورٹی میں جاتی امراء پہنچادیا گیا۔
جاتی امراء کے اطراف بھی پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات کی گئی ہے،ابتدائی طور پر 12 گھنٹے کے لئے پیرول پر رہائی کی منظوری دی گئی ہے، رہائی کی مدت میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔
اڈیالہ جیل سے جاتی امراء تک کے سفر کا دورانیہ پیرول کے وقت میں شامل نہیں ہے، پیرول پر رہائی کے دوران نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر جاتی امراء تک محدود رہیں گے۔
ادھر لندن میں بیگم کلثوم نواز کی میت ریجنٹ پارک کے قریب واقع مسجد کے سرد خانے منتقل کر دی گئی ہے، ان کی لندن میں نماز جنازہ جمعرات کو بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی۔
کلثوم نواز کی میت کو تدفین کے لیے پاکستان لایا جائے گا،جبکہ ان کی تدفین جمعے کو جاتی امراء میں ہو گی ۔

Back to top button