فاطمہ جناح میڈیکل کالج کی طالبات اپنے مطالبات منوانے کیلئے سڑکوں پر آگئیں

(میڈیا پاکستان): فاطمہ جناح میڈیکل کالج کی طالبات کا ڈگریوں کی تصدیق نہ ہونے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، طالبات کہتی ہیں کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل جب تک ان کی ڈگریوں کو منظور کرنے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کرتی اُس وقت تک وہ سراپا احتجاج رہیں گی۔
فاطمہ جناح میڈیکل کالج لاہور کی طالبات نے اپنی ڈگریوں کے غیر تصدیق شدہ ہونے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ طالبات نے اپنی کلاسز کا بائیکاٹ کر کے گنگا رام ہسپتال کے سامنے مظاہرہ کیا۔

طالبات کا موقف ہے کہ کالج کو 2015ء میں یونیورسٹی کا درجہ دیا گیا تاہم پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے اس تاریخی ادارے کو یونیورسٹی تسلیم کرنے سے انکار کر دیا، پی ایم ڈی سی نے ڈگریوں کی تصدیق کرنے سے بھی انکار کر دیا۔
فاطمہ جناح کالج کی طالبات کا مستقبل اب داؤ پر لگ گیا ہے۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر تاحال پی ایم ڈی سی کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات کو دور نہیں کرسکا۔ پی ایم ڈی سی نے کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دلوانے کے لیے مطلوبہ اساتذہ کی تعداد اور دیگر ضوابط کو پورا کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔
احتجاجی طالبات کہتی ہیں کہ جب تک اُن کے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے، احتجاج جاری رکھیں گی۔۔
احتجاجی طالبات سے مذاکرات کے لیے فاطمہ جناح میڈیکل کالج کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عامر زمان نے بات چیت کی کوشش بھی کی تاہم طالبات اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹ رہیں۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا

 کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ …