لاہور (کرائم رپورٹر/میڈیا 92 ویب نیوز)نشتر کالونی کے علاقہ میں مین ہول کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے دوبھائیوں سمیت تین افرا د جاںبحق ،اطلاع ملتے ہی پولیس نے ریسکیو ٹیم کی مدد سے لاشیں مردہ خانے منتقل کردیں۔تفصیلات کے مطابق نشتر کالونی کے علاقہ کماہاں روڈ اسٹیٹ لائف سوسائٹی کے مین ہول کی صفائی کے لیے شہزاد ،خاور اور عمران جوکہ واسا ملازمین تھے کو بلوا یا گیاان میں سے ہول کے اندر پہلے خاور اترا کچھ وقت گزرنے کے بعد بھی واپس نہ آنے پر اس کا بھائی شہزاد جوکہ خود بھی واساکا ملازم تھا اس کے پیچھے اترگیاان دونوںکو دیکھتے ہوئے تیسرا ملازم عمران بھی مین ہول میں اتر گیا۔تینوں افراد کے کافی دیر تک باہر نہ آنے پر وہاں موجود افراد کو تشویش لاحق ہوگئی انہوں نے فور ی پولیس کو اطلاع کردی جس پر انہوں نے پہنچ کرریسکیو ٹیم کو کال کرکے بلوالیاجنہوں نے مین ہول میں جاکر اندر موجود تینوں افراد کو باری باری نکال کر انہیں فوری طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیا لیکن ڈاکٹروں نے ان کے مرنے کی تصدیق کردی ۔پولیس نے تینوں لاشیں اپنی تحویل میںلے کرمردہ خانے منتقل کردیں۔پولیس نے بتایا کہ ان تینوں کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی ہے ۔اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی لواحقین سراپا احتجاج ہوگئے اور انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس سوسائٹی کے منشی ،چیف سیکیورٹی گارڈ اور انتظامیہ اس واقعہ کی ذمہ دار ہیں کیونکہ ان کے پاس انتظامی امور نہ ہونے کے باعث یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔
