لاہور (نیٹ نیوز/میڈیا92نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا ایک اور بڑا فیصلہ سامنے آیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرکاری اداروں سے چٹ سسٹم ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے تمام سرکاری اداروں سے وزیراعلیٰ پنجاب نے چٹ سسٹم ختم کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سرکاری اداروں میں اب کسی سرکاری افسر سے ملنے کے لیے چٹ سسٹم نہیں ہو گا۔ سائل سرکاری دفتر میں داخل ہو اور دروازہ کھولے اور افسر کے کمرے میں داخل ہو جائے۔انہوں نے کہا کہ ہر سرکاری دفتر عوام کے لیےکھُلا رہے گا۔اب کسی سائل کو چٹ بھیج کر افسر سے ملنے کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ بیوروکریسی سے ملنے کے لیے کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئیے۔
اس حوالے سے سرکاری اداروں میں موجود سیکرٹریز ، آئی جیز اور پولیس افسران کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے کابینہ اجلاس میں کیے گئے اس فیصلے کے بعد عام عوام کو مسائل کے حل میں دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ، کوئی بھی سائل بغیر چٹ کے افسر کے کمرے میں داخل ہو گا اور اپنی مشکل بیان کرے گا جسے جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب کابینہ کے اجلاس میں ڈیمز فنڈ کے حوالے سے بھی ایک اہم فیصلہ کیا گیا ۔۔پنجاب کابینہ نے ڈیمز فنڈ میں ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا ۔ جس کے تحت پنجاب کابینہ اپنی ایک ماہ کی تنخواہ ڈیمز کی تعمیر کے لیے قائم کردہ فنڈ میں جمع کروائے گی ۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ڈیمز وقت کی ضرورت ہیں۔ پنجاب کابینہ ڈیم منصوبے کو بھرپور سپورٹ کرے گی۔
