کراچی میں تعینات سعودی عرب کے سفارت کار کے بیٹے اور سعودی قونصلیٹ کے دو ملازمین ہاکس بے کے ساحل پر نہاتے ہوئے ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔
حکام کے مطابق تمام مقتولین کا تعلق سعودی عرب سے تھا جو نیلم پوائنٹ پر پکنک منانے کے لیے ایک ہٹ پر آئے تھے، یہ ہٹ گورنر سندھ کی ملکیت ہے۔ہلاک ہونے والوں کی شناخت فہد فیہان العثائمی، جو سفارت کار کے صاحبزادے ہیں اور سفارت خانے کے دیگر دو ملازمین عبداللہ بن فاتح السعودی اور الا بن عطیہ القوتھامی شامل ہیں۔ماڑی پور تھانے کے ایس ایچ او نیاز پنہور نے بتایا کہ ’یہ لوگ ساحل سمندر پر تیراکی کررہے تھے کہ تیز رفتار لہریں انہیں اپنے ساتھ گہرے سمندر کی جانب لے گئیں‘۔ان افراد کے ڈوب جانے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور لائف گارڈ جائے حادثہ پر پہنچے۔پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ’ابتدائی طور پر دو افراد کو نکالا گیا، جن میں سے ایک پہلے ہی ہلاک ہوچکا تھا جبکہ دوسرے شخص کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا‘۔ان کا کہنا تھا کہ تیسرے شخص کی لاش رات دیر گئے سمندر سے نکالی گئی۔ان تمام افراد کی لاشیں کلفٹن کے ایک نجی ہسپتال منتقل کی گئیں اور بعد ازاں انہیں سفارت خانے کے حکام اور ورثا کے حوالے کردیا گیا۔
خیال رہے کہ صوبائی حکومت نے سمندر میں نہانے کی پابندی لگا رکھی ہے اور متاثرہ مقام پر بھی اس پابندی کا اطلاق ہوتا ہے۔تاہم ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ جس مقام پر حادثہ ہوا ہے وہ مقامی پولیس کے زیر انتظام نہیں، اس لے یہاں پابندی کو نافذ نہیں کرایا جاسکتا۔
