پٹوار خانے اجودھیا پور کا چارج وصول کرنا پٹواری کو مہنگا پڑا ،منشیوں کا حملہ کپڑ ے پھاڑ ڈالے ،دھکے مار کر باہر نکال دیا

لاہور(میڈیا پاکستان) اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون کی ہدایت پر پٹوار سرکل اجودھیا پور کا چارج لینے کیلئے جانے والے پٹواری پر سابقہ پٹواری کے منشیوں کا حملہ، کپڑے پھاڑ ڈالے ، دھکے دے کر پٹوار خانے سے باہر نکال دیا۔ پٹوار خانے کوتالے لگاکر پٹواری روپوش ہوگیا۔ پٹواریوں کی کثیر تعدادنے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ 6روز قبل ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لاہور طاہر فاروق کی جانب سے شیخ عمرفاروق پٹواری چارج کے آرڈر پٹوار سرکل اجودھیا پور کیے گئے مگر چارج لینے کیلئے جانے والے پٹواری کو سابق پٹواری غیاث الدین نے پانچ روز بعد آنے کو کہا گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون انور بریار کی جانب سے مذکورہ پٹواری شیخ عمر فاروق کو ہدایت ملی کہ وہ پٹوار سرکل اجودھیا پور کا چارج وصول کریں اور سابق پٹواری کو بھی ہدایت کی کہ وہ پٹوار سرکل کا چارج فوری دے مگر پٹواری غیاث الدین نے چارج لینے کیلئے آنے والے پٹواری شیخ عمر فاروق کو چارج دینے سے صاف انکار کردیا اورمزید3روز بعد آنے کا کہا جس پر پٹواری شیخ عمر فاروق نے بتایا کہ تحصیلدار ماڈل ٹائون کی جانب سے ہدایت ہے کہ چارج آج ہی لینا ہے اسی دوران سابق پٹواری غیاث الدین نے اپنے پرائیویٹ منشیوں مبشر اور محمد اعظم کو اشارہ کیا جنہوںنے پٹواری غیاث الدین کی ایما پر پٹواری شیخ عمر فاروق کو گریبان سے پکڑ کر پٹوار خانے سے دھکے دے کر باہر نکال دیا اس دھکم پیل میں پٹواری شیخ عمر فاروق کے کپڑے بھی پھاڑ ڈالے اور پٹوار خانے کو تالہ لگاکر موقع سے فرار ہوگئے ۔ غیاث الدین پٹواری نے اس موقع پر پٹواری شیخ عمر فاروق کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع بھر کے پٹواریوں نے غیاث الدین کے اس اقدام کی شدید مذمت کی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لاہور سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے پٹواری کو فوری معطل کرتے ہوئے ضلع بدر کیاجائے۔ دوسری جانب ذرائع نے بھی آگاہی دی ہے کہ مذکورہ پٹواری غیاث الدین قصور سے لاہور سیٹلمنٹ کی غرض سے آیا تو سیٹلمنٹ ختم ہونے کے باوجود مذکورہ پٹواری غیر قانونی طورپر کام کررہا ہے اور محکمہ اینٹی کرپشن میں مذکورہ پٹواری کے خلاف 6سے زائد مقدمات اور سنگین الزامات کے تحت انکوائریاں بھی زیر سماعت ہیں اس ضمن میں چیف سیکرٹری پنجاب کی سخت ہدایات ہیں جو نظر انداز کی جارہی ہیں۔ متاثرہ پٹواری شیخ عمر فاروق نے وقوعہ کی تحریری درخواست دیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون سے کارروائی کی اپیل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا

 کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ …