شاہد خاقان عباسی نے سی پیک منصوبے کو ملک کی لائف لائن قرار دیدیا
کراچی (میڈیا پاکستان): وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سی پیک منصوبے کو ملک کی لائف لائن قرار دے دیا، کہتے ہیں حکومت تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اصلاحات کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی دو روزہ دورے پر کراچی پہنچے تو پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نثار کھوڑو نے ائیر پورٹ ان کا استقبال کیا۔
ائیر پورٹ سے وزیراعظم بذریعہ ہیلی کاپٹر گورنر ہاوس پہنچے، جہاں تاجروں کے وفد نے ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ ملک کی لائف لائن ہے، تاجروں کو منصوبے سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ حکومت تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اصلاحات کر رہی ہے۔
قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی، چیف سیکرٹری سندھ اور آئی جی سندھ نے بھی گورنر ہاوس میں وزیراعظم سے ملاقات کر کے انہیں صوبے میں ترقیاتی منصوبوں اور امن وامان کی صورتحا ل سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج صبح پورٹ قاسم پر اینگر پاور پلانٹ کا دورہ بھی کریں گے۔